کراچی: پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے برآمدی کنسائنمنٹ کے ذریعے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ سیف الدین جونیجو نے کلکٹر پورٹ قاسم سید فواد شاہ، ڈپٹی کلکٹر کسٹمز امجد امان لغاری و دیگر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے برآمدی کنسائنمنٹ کے ذریعے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی جب کہ پاکستان کسٹمز کی انسداد منشیات کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ سمڑیال کے ایک برآمد کنندہ کی جانب سے فٹبال کے کنسائنمنٹ میں ہیروئن چھپاکر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ کنسائنمنٹ فٹبال کے400ڈبوں پر مشتمل تھا جس میں سے 58ڈبوں سے 36کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ فٹبال کی پیکنگ سے بازیاب ہونے والی ہیروئن مونٹریال کینیڈا بھیجی جارہی تھی۔ برآمدشدہ ہیروئن کی مارکیٹ ویلیو 36کروڑ روپے سے زائد ہے۔
انھوں نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز نے 5افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایکسپورٹر اور متعلقہ کلیئرنگ ایجنٹ سمیت 4افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ پانچویں ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم سمڑیال بھیج دی گئی ہے۔ سیف الدین جونیجو نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز کینیڈا کی درآمدکنندہ کمپنی کی بھی سفارتی چینل کے ذریعے تحقیقات کررہا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر پورٹ قاسم ایکسپورٹ فواد علی شاہ نے بتایاکہ عمومی طور پر ملک سے برانڈڈ فٹبالز برآمد ہوتے ہیں لیکن مذکورہ کنسائنمنٹ ان برانڈڈ فٹبالز پر مشتمل تھا لیکن اس کی پیکنگ انتہائی خوبصورت اور اعلی معیار کی گئی تھی۔ حکام کو انتہائی اعلیٰ معیارکی پیکنگ پر شک ہوا اور اسی بنیاد پر مخصوص کٹس کے ذریعے جب ایگزامنیشن کی گئی تو فٹبال کے 58 ڈبوں میں سے ہیروئن برآمد ہوئی۔
ڈپٹی کلکٹر پورٹ قاسم امجد امان لغاری نے بتایا کہ پاکستان سے میسرز گریٹ تمن لارا اسپورٹس کمپنی کی جانب سے برآمد کیا جارہا تھا جس نے اس سے قبل بھی 3 کنسائنمنٹس کینیڈا سمیت دیگر ممالک کو برآمد کیے ہیں۔
انھوں نے بتایاکہ اس کنسائنمنٹ کی مونٹریال کینیڈا میں درآمدکنندہ کمپنی کانام میسرز پاک گلوبل ٹیکسٹائل بیڈنگ کمپنی ہے۔ گرفتار ملزمان میں ملک محمد نعیم، محمد نصیر، عتیق الرحمان اور عتیق احمد خان شامل ہیں جبکہ ملزم نعیم الرحمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم بھیج دی گئی ہے۔
The post کسٹمز کی کارروائی، 36 کلو ہیروئن برآمد کرنے کی کوشش ناکام appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/387sLpo
via IFTTT
No comments:
Post a Comment