شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کا نام سنتے ہی1986 میں بھارت کیخلاف آخری گیند پر جاوید میانداد کے میچ وننگ چھکے کی یاد تازہ ہو جاتی ہے، اس وقت سے اب تک دنیا تبدیل ہو گئی مگر یقین مانیے شارجہ اسٹیڈیم کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے وقت تھم سا گیا ہو۔
اس وقت کے میچزیوٹیوب پر دیکھیں تو بڑے بڑے ’’بھائی لوگ‘‘ بھی چھوٹے چھوٹے باکسزمیں بیٹھے نظر آتے تھے، اب بھی ایسا ہی ہے،ویسے ہی چھوٹے وی آئی پی باکسز اوران کے اوپر صحافیوں کیلیے جگہ بنائی گئی ہے، اگر آپ اسٹیڈیم صرف ہلہ گلہ کرنے اور کھانا کھانے آئے ہیں تو ٹھیک ورنہ انہماک سے میچ کی کوریج کرنا شورکے سبب ممکن نہیں ہے، دبئی اسٹیڈیم سے یہاں آ کر میچ کور کرنا ہمیشہ ناخوشگوار تجربہ ہوتا ہے اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔
اگرپی سی بی صحافیوں کا گروپ بھیجتا تو یہاں بیٹھنے کی جگہ پانا بھی ممکن نہ ہوتا،گزشتہ برس ایسا ہی ہوا تھا،اب پاکستان سے بہت کم صحافی آئے ہیں، اس کے باوجود نشست پانے کیلیے پی سی بی کی مدد لینا پڑی، وائی فائی پاس ورڈ عموما میڈیا سینٹر کی دیوار پرلکھے ہوتے ہیں، یہاں سب کو انفرادی طور پرمقامی آفیشل نے خود پاس ورڈ ٹائپ کر کے دیے پھر دستخط بھی کرائے گئے۔
اس میں کافی وقت لگ گیا،گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اسٹیڈیم کواپ گریڈ کیا گیا ہے، مگربظاہر کوئی بڑی تبدیلی نظر نہیں آئی، پاکستان کرکٹ بورڈ زیادہ شائقین کی آمد کا سوچ کر یہاں میچزرکھتا ہے مگر بدقسمتی سے آج ایسا نہیں ہے،زیادہ تر انکلوژرز بالکل خالی ہیں، دبئی کے برعکس یہاں ٹکٹوں کے نرخ کم اور اسٹیڈیم شہرکے وسط میں ہی واقع ہے پھربھی لوگوں کا نہ آنا تشویشناک ہے۔
پہلے بھی یہ بات کہی تھی کہ یو اے ای میں بہت زیادہ کرکٹ شائقین کو کھیل سے دورکررہی ہے، مزدور پیشہ افراد یہاں اپنے گھروالوں کیلیے کمانے آئے ہیں وہ ساری رقم کرکٹ پر تھوڑی خرچ کر دیں گے، پی سی بی کو بعض انکلوژرز میں شائقین کا داخلہ مفت کردینا چاہیے،شاید اس سے کچھ لوگ اسٹیڈیم آئیں اورماحول بنے، شارجہ میں تو ہزاروں لوگ شاہد آفریدی کا نام سن کر ہی میچ دیکھنے آ جاتے ہیں مگر آج ایسا نہیں ہوا۔
البتہ جتنے بھی لوگ موجود تھے انھوں نے نشستوں سے اٹھ کر آل راؤنڈر کا استقبال کیا مگر وہ صفر پر آؤٹ ہو گئے جس سے شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، کل میری ہوٹل میں آفریدی سے ملاقات ہوئی، اس وقت انھوں نے یہی کہا تھا کہ وہ اب صرف اپنے مداحوں کیلیے ہی کرکٹ کھیل رہے ہیں، ویسے یہ بات ماننے کی ہے کہ جتنی عزت پاکستان میں کرکٹ کی وجہ سے شاہد آفریدی کو ملی شاید عمران خان کے سوا کسی اور کو نہیں ملی ہو گی،خیر اب باقی باتیں بعد میں ہونگی، نعروں کی آواز میں مجھے بھی تھوڑا میچ سے لطف اندوز ہونے دیں۔
The post پی ایس ایل ڈائری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2SPHBKA
via IFTTT
No comments:
Post a Comment