Tuesday, April 28, 2020

ناگزیر تبدیلی ایکسپریس اردو

ایک ایسے وقت میں جب ففتھ جنریشن جنگ کے خطرناک خطرات کے درمیان ملک کو سنگین بیرونی چیلنج درپیش ہیں وزیراعظم عمران خان نے وزارت اطلاعات کو تقویت دینے کے لیے ایک سابق فوجی کا انتخاب کیا ہے جو پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اشارہ ہے۔ان کا انتخاب فصاحت سے ریاست کی بات کرنے، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور مؤثر انداز میں بیان کرنے، حقیقت جھوٹ سے الگ کر کے ملک کا امیج بہترکرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔

سابق ترجمان پاک فوج (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جگہ وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔اس کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کے ایک اہم رہنما سینیٹر شبلی فراز کو حکومت کے میڈیا سے متعلق روزہ امور چلانے کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مقرر کیا گیا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب ہندوتوا سے متاثر نریندر مودی اور اس کی بی جے پی مہابھارت کے قصوں کے مطابق اندرون اور بیرون ملک اپنے ’دشمنوں‘ کے خون کے پیاسے ہیں، زعفرانی رنگ میں ملبوس مذہبی ہندو انتہاپسند نام نہاد کورونا جہاد کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلمانوں کے جان کے دشمن ہیں،جب یہ سنگدل اور بے حس حکمران کشمیریوں سے ان کی اصل شناخت چھیننے پر کمر بستہ ہیں، اکھنڈ بھارت کا خواب تکمیل کے لیے سازشوں مصروف ہیں تاکہ جنگ زدہ افغانستان میں کبھی حقیقی اور دیرپا امن قائم نہ ہو سکے،ایسے میں جب سی پیک ہمارے ہمسایہ ملک اور بیرون ملک اسٹرٹیجک پارٹنر سمیت تمام دشمنوں کا اولین ہدف ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی تقرری کا اس سے بہتراور کوئی وقت ہو ہی نہیں سکتا تھا۔

اس بارے میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی تقرری ناگزیر تھی۔وہ واقعتا اس عہدے کے لیے موزوں ترین شخص ہیں۔ انھوں نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کے دوران اہم موڑ پر 2012 سے 2016 کے دوران فوج کے شعبہ اطلاعات، آئی ایس پی آر کی بڑی ذمے داری اور چابکدستی سے چار سال قیادت کی۔ وہ امیج بلڈنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔انھوں نے ہی معلومات کے فوری پھیلاؤ کے لیے ٹویٹ کلچر متعارف کرایا۔ بطور سپاہی بھی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کا کیریئر شاندار ہے۔

موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق آرمی چیفس جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی اور جنرل (ر) راحیل شریف کے ساتھ خدمات دینے کی وجہ سے وہ ہائبرڈ وار فیئر اور نئی جنگی حکمت عملی کا گہرا ادراک رکھتے ہیں۔مزید براں جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ میں ایک ترجمان کی تمام خوبیاں بدرجہ اتم موجود ہیں۔وہ، صاحب علم، باخبر، تحمل مزاج ہیں اور فن گفتگو کے ماہر ہیں۔وہ واقعی ایک صحیح انتخاب ہیں۔

 

The post ناگزیر تبدیلی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/35eWsRB
via IFTTT

No comments:

Post a Comment