Tuesday, January 28, 2020

پی ایس ایل؛ افتتاحی تقریب میں تمام کھلاڑیوں کی شرکت لازمی نہیں ہوگی ایکسپریس اردو

کراچی:  پی ایس ایل 5کی افتتاحی تقریب میں تمام کھلاڑیوں کی شرکت لازمی نہیں ہوگی، مصروف شیڈول اور سفری معاملات کے باعث فرنچائزز کو اس حوالے سے فیصلے کا اختیار دیدیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب 20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سجائی جائیگی، اس کے بعد ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائیگا، ماضی میں افتتاحی تقریب کے وقت ٹیمیں باری باری اپنا پرچم تھامے گراؤنڈ میں داخل ہوتی اور شائقین کی تالیوں کا جواب دیتے ہوئے اسٹیج پر چلی جاتی رہی ہیں، البتہ اس بار تمام سائیڈز شاید تقریب میں شرکت نہ کر سکیں اس کی وجہ مصروف شیڈول ہے۔

جمعرات کو کراچی میں تقریب کے اگلے روز لاہور میں قلندرز اور ملتان سلطانزکا میچ ہوگا،ہفتے کواسی وینیو پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ملتان کے مدمقابل ہوگی،ذرائع کے مطابق بعض فرنچائزز نے اعتراض اٹھایا کہ ان کیلیے میچ سے ایک دن قبل سفر کرنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے کھلاڑیوں کو افتتاحی تقریب میں شرکت کا پابند نہ کیا جائے۔

اس پر پی سی بی نے جواب دیا کہ ٹیم مالکان کے ساتھ صرف کپتان آ جائیں، البتہ ملتان سلطانز کے نمائندے اس سے متفق نہیں ہوئے، ان کے مطابق میچ سے ایک دن قبل کپتان کا لاہور میں ہونا ضروری ہے تاکہ پریکٹس کے ساتھ حکمت عملی پر بھی بات ہو سکے، بورڈ نے یہ بات تسلیم کر لی اور اب جو ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو افتتاحی تقریب میں نہ بھیجنا چاہیں تو انھیں اس کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب گذشتہ برس کی تقریب کے غیرملکی ایونٹ ڈائریکٹر کی اس بار پی سی بی کو خدمات حاصل نہیں ہو سکیں گی، اس حوالے سے ملاقاتوں کیلیے 2 آفیشلز دبئی چلے گئے ہیں، بورڈ کو بعض دیگر امور پر بھی سخت چیلنجز درپیش ہیں جنھیں حل کرنے کیلیے بدھ کو لاہور میں بھی ایک اہم میٹنگ ہوگی۔

The post پی ایس ایل؛ افتتاحی تقریب میں تمام کھلاڑیوں کی شرکت لازمی نہیں ہوگی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2RWlGOC
via IFTTT

No comments:

Post a Comment