Tuesday, February 25, 2020

صدر ٹرمپ کی زبان پر پاکستان کا نام ایکسپریس اردو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دو روزہ دورہ بھارت کے دوران پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ امریکا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں اور امریکی حکومت پاکستان کی سرزمین پر سرگرم دہشت گردوں اور تنظیموں کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کرکام کر رہی ہے۔

پاکستان کے ساتھ بڑی پیش رفت کے آثار نظرآنا شروع ہوگئے ہیں، اس کا سہرا میری کوششوں کو جاتا ہے۔ وہ احمد آباد میں ’’ نمستے ٹرمپ ‘‘ریلی کے بعد موتیرا اسٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ نریندر مودی نے صدر ٹرمپ کی دلجوئی کے لیے بظاہر محفل خوب سجائی مگر منہ پھٹ ٹرمپ نے بھری بزم میں رازکی بات کہہ دی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی اقدامات سے جنوبی ایشیاء میں تناؤ میں کمی آئے گی اور امن کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر ملک کو اپنی سرحدوں کی حفاظت کا حق حاصل ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکا اور بھارت بھی ایک پیج پر ہیں اور دونوں مل کر دہشتگردی اور اس کے نظریہ کا مقابلہ کریں گے۔

بلاشبہ صدر ٹرمپ کی خطے میں آمد کثیر جہتی اثرات کی حامل ہے، برصغیر پاک وہند میں سیاسی، معاشی، تزویراتی اور سفارتی کوششیں عروج پر ہیں ، امریکا کی نگاہیں افغان امن میں غیرمعمولی پیش رفت کے خواب کو شرمندہ تعبیر دیکھنا ہے، امریکا افغان سے نکلنا چاہتا ہے، طالبان سے تاریخ ساز معاہدہ کا سورج نصف النہار پر ہے، اس دورہ میں وہ اپنا ٹرمپ کارڈ بھی استعمال کرتے رہے جب کہ امریکا میں مقیم انڈین ڈائیسپورہ کی انتخابی اہمیت بھی ان کے ذہن میں ہے، ڈیموکریٹس کے مواخذہ سے بچ کے نکلے ہیں مگر کشمیریوں پر ہونے ولی بھارتی ظلم و بربریت سے چشم پوشی بھی انھیں مہنگی پڑے گی۔

مبصرین کے مطابق اپنی شاطرانہ مہارت سے ٹرمپ کو پاک بھارت سیاسی تعلقات کی نزاکت اورکشمیرکی درد انگیز صورتحال کے ادراک میں سفاکی نہیں دکھانا چاہیے، بھارتی جمہوریت کی منافقانہ تعریف کرتے ہوئے انھیں کشمیریوں سے روا رکھے جانے والے مظالم کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، وہ جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور استحکام کی نوید تو دے رہے ہیں تاہم بھارت کے داخلی خلفشار، بدامنی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، اقلیتوں اور بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی کے بھیانک نتائج سے بھی غافل نہ رہیں، احمد آباد میں انھوں نے پاکستان کی تعریف کی تاہم وہ مودی کو بہترین دوست اور بھارتی جمہوریت کے بھی مداح بھی نکلے، ٹرمپ اپنے دورے میں محتاط رہے، ان کی زبان سے ’’نمستے ٹرمپ‘‘ کے موج میلے میں خطے کے زمینی حقائق پوشیدہ رہے، بھارت کی کوشش تھی کہ ٹرمپ کشمیر لکیرعبور نہ کریں۔ یوں احمد آباد میں ٹرمپ نے زمینی حقائق پر کوئی بنیادی بات نہیں کی ۔

امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ دفاعی و تجارتی تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کی شراکت داری کو مزید آگے لے کرجانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے بھارت کے ساتھ تین ارب ڈالرکے دفاعی سودوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کو امریکا کا بڑا دفاعی شراکت داربنانا چاہتے ہیں اور بڑے تجارتی معاہدوں کے لیے بھی پر امید ہیں۔صدرٹرمپ نے کہا ہم بھارت کو اپنے بہترین ہتھیارفروخت کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس بہترین میزائل، راکٹ اور بحری جہاز ہیں، ہم بھارت کواپنا فضائی دفاعی نظام، ڈرون طیارے اور دوسرے ہتھیار بھی فروخت کرنے کو تیارہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے 8ہزارکلومیٹرکے اس دورے کا مقصد تجارتی تعلقات کا فروغ بھی ہے کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی مڈل کلاس بھارت میں مقیم ہے۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مشکل مذاکرات کار قراردیا ۔ یہاں بھی امریکی صدر نے اپنی تقریر میں بھارت میں متنازع شہریت قانون کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے پیرکی شام تاج محل آگرہ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع ان کی اہلیہ میلانیا ، بیٹی  ایوانکا اور داماد جیرڈ کوچنر بھی ان کے ساتھ تھے۔ وہ تاج محل میں تقریباً ایک گھنٹہ موجود رہے اوروہاں تصاویر بھی بنوائیں، اس کے بعد دہلی روانہ ہوگئے۔

بھارتی حکومت نے امریکی صدرکی آمد پر صدر رام ناتھ کووند کی جانب سے منگل کو دیے جانے والے ڈنر میں سونیا گاندھی کو مدعو نہیں کیا جس پر سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اورکشمیری لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ وہ بھی ڈنر میں نہیں جائیں گے۔ مودی کا انداز نظر اور اپوزیشن کو نظرانداز کرنے کی تنگ نظری سپر پاور امریکا کے لیے ایک بڑا سبق ہے، بھارتی حکمراں اس حقیقت کوپیش نظر رکھیں کہ صدر ٹرمپ بھارت کے دورے پرآئے مگر زبان پر پاکستان کا نام آیا۔ بھارتیوں کے جم غفیر پر سکتہ طاری ہونا تو لازمی تھا۔

The post صدر ٹرمپ کی زبان پر پاکستان کا نام appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3agSV6X
via IFTTT

No comments:

Post a Comment