Friday, January 29, 2021

نعمان علی نے ڈیبیو پر ہی ریکارڈز کا کھاتہ کھول لیا ایکسپریس اردو

 لاہور:  نعمان علی نے ڈیبیو پر ہی ریکارڈز کا کھاتہ کھول لیا، وہ کیریئر کے پہلے ہی ٹیسٹ کی اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے تاریخ کے چوتھے معمرترین اسپنر اور ساتویں بولر بن گئے۔

نعمان علی پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چوتھے معمر ترین کرکٹر کے طور پر نیشنل اسٹیڈیم کے میدان پر اترے تھے، اس وقت ان کی عمر 34سال اور 111دن تھی،اس سے قبل میراں بخش 47سال 284دن، ذوالفقار بابر 34سال 308دن اور محمد اسلم 34سال 177دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔

نعمان ڈیبیو میچ کی کسی اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے چوتھے معمرترین اسپنر اور ساتویں بولر ہیں،پہلے ہی ٹیسٹ میں 5وکٹوں کا کارنامہ سرانجام دینے والے معمر ترین پاکستانی بولرز میں بھی وہ سہرفہرست ہیں۔

کراچی ٹیسٹ سے قبل مجموعی طور پر پاکستان کے 11بولرز نے ڈیبیو ٹیسٹ میں 5 وکٹیں اڑاکر دھاک بٹھائی تھی، ان میں عارف بٹ،محمد نذیر، شاہد نذیر،محمد زاہد،شاہد آفریدی،محمد سمیع،شبیر احمد، یاسر عرفات، وہاب ریاض،تنویر احمد اور بلال آصف شامل ہیں۔

نعمان علی نے 12ویں بولر کے طور پر اس فہرست میں اپنا نام درج کرایا،ڈیبیو ٹیسٹ میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی بولرز میں نعمان علی چھٹے نمبر پر آگئے،محمد زاہد نے 130رنز دے کر11شکار کیے تھے،اعزاز چیمہ،محمد سمیع، شبیر احمد اور عبدالرحمان نے اپنا پہلا ہی میچ 8،8وکٹوں سے یادگار بنایا تھا، نعمان علی نے 73رنز دیکر 7شکار کیے۔

دوسری جانب بابر اعظم نے بطور ٹیسٹ کپتان ڈیبیو پر فتح حاصل کرنے والوں کی فہرست میں اپنا نام درج کرا لیا، اس سے قبل فضل محمود،مشتاق محمد،جاوید میانداد، وقار یونس، سلیم ملک، رمیز راجہ، محمد یوسف اورسلمان بٹ نے پہلی بار قیادت کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔

The post نعمان علی نے ڈیبیو پر ہی ریکارڈز کا کھاتہ کھول لیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3t7RGkD
via IFTTT

No comments:

Post a Comment