Saturday, October 29, 2022

گرین شرٹس ’کند‘ ہتھیاروں سے بقا کی جنگ لڑیں گے ایکسپریس اردو

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کند ہتھیاروں سے بقا کی جنگ لڑنے کیلیے کوشاں ہوگا جب کہ آج نیدرلینڈز سے مقابلہ ہوگا۔

نیوزی لینڈ میں سہ ملکی سیریز جیتنے کے بعد بلند عزائم کے ساتھ آسٹریلیا میں قدم رکھنے والی پاکستان ٹیم کا اب تک سفر ناخوشگوار رہا ہے، گرین شرٹس بھارت کیخلاف میچ میں جیتی بازی ہارگئے، ابھی پہلی شکست کا زخم مندمل نہیں ہوا تھا کہ زمبابوے جیسی کمزور ٹیم نے بھی زیر کرلیا۔

گزشتہ کچھ عرصہ میں پاکستانی بیٹنگ کے ستون ثابت ہونے والے کپتان بابر اعظم اور ساتھی اوپنر محمد رضوان دونوں میچز میں ناکام ہوئے، مڈل آرڈر میں ایک، دو اننگز کے سوا مسائل برقرار ہیں، مسلسل 2شکستوں کے بعد سیمی فائنل کھیلنے کی موہوم سی امید باقی ہے۔

آج پرتھ میں نیدر لینڈز کیخلاف میچ میں فتح کے ساتھ نیٹ رن ریٹ بھی بہتر بنانے کے ساتھ دیگر ٹیموں کے مقابلوں کا نتیجہ بھی دیکھنا ہوگا، اگر بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا بھی دیا تو آئندہ میچز میں بھی گرین شرٹس جیت پانے کے باوجود اگر مگر کے چکر میں رہیں گے، بقا کی جنگ کیلیے پاکستان کے ہتھیار کند نظر آرہے ہیں۔

گزشتہ دورہ نیدرلینڈز میں میزبان ٹیم نے ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس کو آسان فتوحات نہیں حاصل کرنے دی تھیں،اس اہم میچ میں ایک بار پھر اوپنرز کی کارکردگی اہم ہوگی،بابر اعظم اور محمد رضوان میں سے کم ازکم کسی ایک کو اننگز کے آخر تک جانا ہوگا، شان مسعود ابھی تک بہتر مزاحمتی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بھارت کیخلاف میچ میں افتخار احمد نے اچھی اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز کا اعتماد متزلزل ہے،فٹنس تسلی بخش ہوئی تو حیدر علی کی جگہ فخرزمان کو شامل کیا جاسکتا ہے، آل راؤنڈرز شاداب خان اور محمد نواز کو بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔

شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر شکوک کا اظہار کیا جارہا ہے، نسیم شاہ بھی ردھم میں نظر نہیں آرہے،حارث رؤف اور وسیم جونیئر اچھی فارم میں ہیں،کسی تبدیلی کیلیے پاکستان کے پاس پنچ پاور میں محمد حسنین موجود ہیں، شاداب خان اور محمد نواز کی اسپن بولنگ نیدرلینڈز کے بیٹرز کیلیے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے، دستیاب ہتھیاروں کے کمبی نیشن اور بیٹنگ آرڈر کے حوالے اہم فیصلے منیجمنٹ کو کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کا اچھا مقابلہ کرتے ہوئے 9رنز سے مات کھانے والی نیدرلینڈز ٹیم کو بھارت نے 56رنز سے آ?ٹ کلاس کردیا تھا، زمبابوے کی فتح سے حوصلہ پاتے ہوئے ڈچ سائیڈ بھی پاکستان کیخلاف فتح کا جشن منانے کا سوچ رہی ہوگی، ٹاپ تھری بیٹرز، وکرم جیت سنگھ، میکس اوڈوڈ اور بیس ڈی لیڈز کی کارکردگی میں تسلسل نہیں مگر جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کولن ایکرمین، ٹاپ کوپر اور سکاٹ ایڈورڈز بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں، مڈل آرڈر میں ان میں سے کوئی بھی پاکستانی بولنگ کیلیے خطرہ بن سکتا ہے، پیسرز فریڈ کلاسن، پال وین میکرین، لوگان وین بیک اور بیس ڈی لیڈز کفایتی بولنگ کے ساتھ وکٹیں بھی اڑاسکتے ہیں، اسپنر شارز احمد پاکستان کیخلاف ہوم سیریز میں اچھی بولنگ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، ساتھ دینے کیلیے ٹم پرنگل بھی موجود ہوں گے۔

مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، پچ پیسرز کیلیے زیادہ سازگار ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کے مابین واحد ٹی ٹوئنٹی میچ ورلڈکپ 2009میں کھیلا گیا تھا، لارڈز میں گرین شرٹس نے 5وکٹ پر 175رنز بنانے کے بعد ڈچ سائیڈ کو 93پر ڈھیر کردیا تھا، شاہد آفریدی نے 4شکار کیے تھے۔

The post گرین شرٹس ’کند‘ ہتھیاروں سے بقا کی جنگ لڑیں گے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/I36jPgS
via IFTTT

No comments:

Post a Comment