Tuesday, October 31, 2017

نئی حلقہ بندیوں کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس جاری ایکسپریس اردو

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جس میں 2017 کی مردم شماری کے نتائج کی روشنی میں  نئی حلقہ بندیوں پر غور کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جس میں 2017 کی مردم شماری کے نتائج کی روشنی میں  نئی حلقہ بندیوں پر غور کیا جارہا ہے، اجلاس میں غوث بخش مہر، غلام احمد بلور، محمود اچکزئی، فاروق ستار چیئرمین نادرا، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور محکمہ شماریات کے حکام کی بھی شریک ہیں۔

اس موقع پر زاہد حامد نے پارلیمانی رہنماؤں کو حلقہ بندیوں کے معاملے پر حکومتی موقف پر بریفنگ دی اور پارلیمانی رہنماؤں سے تجاویز بھی مانگ لیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تجاویز مانگے جانے پر پارلیمانی رہنماؤں کا اپنی اپنی جماعتوں سے مشاورت کے لیے وقت لینے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مردم شماری کی عبوری رپورٹ پر حلقہ بندیوں کے حوالے سے طے کیا جائے گا جب کہ حکام مردم شماری کی حتمی رپورٹ میں ممکنہ تاخیر کی وجوہات سے بھی آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے مردم شماری کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ 272 جنرل نشستوں کو صوبوں کے درمیان ازسر نو تقسیم کیا جائے گا۔ نئے فارمولے کے تحت پنجاب سے قومی اسمبلی کی 9 نشستیں کم ہوجائیں گی جس کے بعد مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 148 سے کم ہوکر 141 ہوجائے گی، خواتین کی مخصوص نشستیں بھی کم ہوکر 33 رہ جائیں گی۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 35 سے بڑھ کر 39 ہوجائیں گی۔ صوبے سے مخصوص نشستیں بھی 8 سے بڑھ کر 9 ہوجائیں گی۔ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 14 سے بڑھ کر 16 جبکہ خواتین کی مخصوص نشستیں 3 سے بڑھ کر 4 ہو جائیں گی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بھی ایک نشست بڑھے گی۔ سندھ اور فاٹا کی جنرل نشستوں میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ اس وقت قومی اسمبلی 342 نشستوں پر مشتمل ہے جس میں سے 272 نشستوں پر اراکین براہ راست انتخاب کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مذہبی اقلیتوں کے لیے 10 اور خواتین کے لیے 60 نشستیں بھی مخصوص ہیں، جنہیں 5 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے والی جماعتوں کے درمیان نمائندگی کے تناسب سے تقسیم کیا جاتا ہے۔

The post نئی حلقہ بندیوں کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس جاری appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو http://ift.tt/2iP6aGm
via IFTTT

No comments:

Post a Comment