Tuesday, February 25, 2020

کورونا وائرس، پاک ایران سرحد چوتھے روز بھی بند ایکسپریس اردو

 لاہور / تہران / بیجنگ: ایران میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر پاکستان میں اس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے چوتھے روز بھی سرحد بند ہے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پاک ایران بارڈر چوتھے روز بھی مکمل طور پر بند ہے، تفتان بارڈر پر طبی عملے کی جانب سے اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارڈر پر پھنسے زائرین کیلئے عارضی رہائش گاہ قائم کی گئی ہے جہاں بستر، کمبل، ماسک اور کھانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس وقت بارڈر پر270 سے زائد زائرین موجود ہیں، مزید 8ہزار زائرین جلد عارضی کیمپ پہنچ جائیں گے، تمام سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی نافذ ہے۔ تفتان میں 4 روز سے پھنسے 300 سے زائد ایرانی ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو ایران جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

سیکرٹری صحت بلوچستان کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ تمام اضلاع میں حفظ ماتقدم کے طور پر اسپیشل وارڈز قائم کر لئے گئے ہیں۔ پاکستان میں داخل ہونیوالے تمام مسافروں کیلئے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم جمع کروانا لازمی قرار دے دیا گیا۔

ایوی ایشن ڈویژن کے حکام کے مطابق ہیلتھ ڈیکلریشن فارم میں کچھ ترامیم کی گئی ہیں جس میں رابطے کی تفصیلات اور سفر کی مختصر تاریخ شامل ہوگی۔ طیارے کا عملہ تمام مسافروں میں ہیلتھ ڈیکلریشن کارڈ تقسیم کرنے کا پابند ہوگا اور کورونا وائرس کی وبا کے پیشِ نظر کارڈ میں چین، افریقہ، جنوبی افریقہ کے سفر اور بخار، کھانسی، سانس میں تنگی کے بارے میں معلومات کا اندراج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ہیلتھ ڈیکلریشن فارم جمع نہ کروانے والی ایئرلائنوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت میجرجنرل عامراکرام نے کہا پاک ایران بارڈ اور ہوائی اڈوں پر سخت سکریننگ کی جارہی ہے،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے ایران جانیوالی تمام مسافر اور کارگو پروازیں ایک ہفتے کیلئے معطل کر دی ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کیلئے عارضی طور پر بند ہوئی ہیں۔

The post کورونا وائرس، پاک ایران سرحد چوتھے روز بھی بند appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2TfVejB
via IFTTT

No comments:

Post a Comment