ملک وال: لڑکیوں اور خواتین میں شولڈر اور ہینڈ بیگ خریدنے کا رحجان بہت زیادہ ہے۔
یوں تو بیگز کی کئی اقسام آج کل دیکھنے کو ملتی ہیں جن میں ہر سائز اور رنگ کے میچنگ بیگ شامل ہیں۔ ان کی اقسام میں پاؤچ، کلچز اور ہینڈ بیگ نمایاں ہیں۔ خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ سوٹ کے ساتھ ہی میچنگ پرس یا کلچ ہو، لیکن آج کل دوسرے بیگوں کی نسبت چین بیگ کی مانگ بڑھ گئی ہے، کیوں کہ یہ بیگز خوب صورت دکھائی دینے کے ساتھ ساتھ معیاری بھی ہیں۔
مختلف رنگوں اور ڈیزائن ان میں کشش پیدا کرکے ان کی خوب صورتی میں چار چاند لگادیتے ہیں۔ چین کا زیادہ تر استعمال ہینڈ بیگز اور کلچز میں کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو پاؤچ اور کلچز پکڑنے میں کچھ مشکل پیش آتی تھی، اس مشکل کو دور کرنے کے لیے کلچز میں چین استعمال کی جاتی ہے۔ چین بیگ خوب صورت اور نازک دکھائی دیتے ہیں، اس لیے خواتین اور خصوصاً نوجوان لڑکیوں کی بڑی تعداد اس کی خریداری میں دل چپسی لیتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لڑکیوں اور عورتوں کے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے دکان داروں نے شو پیس کے طور پر چین بیگز اپنی دکانوں میں سجا رکھے ہیں۔ یہ بیگ مضبوط اور پائیدار ہوتے ہیں اور سفر کے لیے بہترین ہیں، اسی لیے لڑکیاں اور خواتین اسے زیادہ ترجیح دیتی ہیں۔ اس میں پلاسٹک اور دوسرے مٹیریل کا استعمال اس طرح کیا گیا ہے کہ اسے استعمال کرنا بھی آسان ہے۔
چین بیگ ہر سائز اور سٹائل میں خوب صورت لگتے ہیں۔ ان بیگز کی مقبولیت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین چین بیگز کا استعمال کرتی ہیں۔ ان کے چھوٹے بڑے سائز کی وجہ سے خواتین کا رجحان اس طرف زیادہ ہے، کیوں کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق چین بیگ خرید سکتی ہیں۔کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جانے والی لڑکیاں چھوٹے چین بیگز، موبائلز، پیسے اور پینسلز کے لیے ان بیگز کا استعمال کرتی ہیں، جب کہ خریداری کے لیے جانے والی گھریلو خواتین بڑے اور موٹی چین والے بیگ استعمال کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ چھوٹی بچیوں میں بھی اس کی مقبولیت ہے۔وہ مختلف تہواروں پر اپنے کپڑوں سے ہم رنگ نازک چین بیگ کا استعمال بہت شوق سے کرتی ہیں۔ غرض چین بیگ ہر عمر کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے یکساں مفید ہے اور اس کا استعمال بہت بڑھتا جا رہا ہے۔
چین بیگ کا استعمال فیشن میں خاص اہمیت رکھتا ہے، لیکن فیشن کے ساتھ ساتھ اس بات کا خیال رکھیں کہ بیگ آپ کی شخصیت اور موقع کی مناسبت سے ہو۔ اگر ا پ کسی تقریب میں جا رہی ہیں تو شوخ رنگ مناسب رہے گا اور اگر آپ کسی ادارے میں ملازمت کرتی ہیںتو بلیک رنگ، چاکلیٹ کلر، گرے کلر اور اسی طرح کے رنگ کا بیگ خریدیں جب کہ اگر آپ کسی مریض کی عیادت یا ایسی جگہ جا رہی ہیں تو سادہ بیگ مناسب رہے گا۔
بیگ خریدتے وقت اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ آپ کی شخصیت کے ساتھ کیسا بیگ مناسب رہے گا۔ لڑکیوں کے لیے چھوٹے چین بیگ اور عورتوں کے لیے بڑے یا درمیانے سائز کے بیگ بہترین ہیں۔
بیگ کا انتخاب کرتے ہوئے کسی ایسے رنگ کا انتخاب نہ کریں جس میں آپ کی شخصیت مضحکہ خیز لگے۔ اس کے علاوہ بیگ ایسا ہو جو زیادہ وزنی نہ ہو، تاکہ اس میں چیزیں ڈالنے سے اس کا وزن اور بڑھ جائے جو بیگ کو تھیلا نما ظاہر کرتا ہے، جو دیکھنے میں بھی برا تاثر دیتا ہے اور آپ کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنتا ہے۔
اگر آپ بیگ کی خریداری کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں گی تو اپنے لیے اچھے اور منفرد بیگ کا
انتخاب کر پائیں گی۔
The post خواتین کے بیگ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Qi9Iwf
via IFTTT
No comments:
Post a Comment