Saturday, June 30, 2018

آٹو سیکٹر میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط ایکسپریس اردو

 کراچی:  چین کی گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی چینگن آٹوموبائل اور ماسٹر موٹرز کے درمیان جوائنٹ وینچر کے لیے معاہدے پر دستخط کردیے گئے جس کے تحت پاکستانی آٹو صنعت میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جو چین کی بڑی سرمایہ کاری ہے۔

واضح رہے کہ یہ نئی آٹو پالیسی2016-21 کے تحت پہلی سرمایہ کاری ہوگی۔ چینگن آٹو موبائل کے اسسٹنٹ صدر اور جنرل منیجر اوورسیز بزنس ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ وینگ ہوآن رن اور چیئرمین ماسٹر موٹرز لمیٹڈ ندیم ملک نے معاہدے پر دستخط کردیے تاکہ وہ اپنے وسائل اور مہارتوں کو یکجا کرتے ہوئے 2025 تک پاکستان کی بڑی کار ساز کمپنی بننے کا مقصد حاصل کرسکیں۔ وینگ ہوآنرن نے کہا کہ ہم پاکستانی مارکیٹ میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے انتہائی پرامید ہیں اور ساتھ ہی برآمدات کے مواقع کے لیے بھی پرجوش ہیں۔ چینگن نے پاکستان کو رائٹ ہینڈ ڈرائیو (آر ایچ ڈی) گاڑیوں کی برآمد کرنے کے لیے مرکز بنانے کی غرض سے منتخب کیا ہے تاکہ ان گاڑیوں کو آر ایچ ڈی والے ملکوں کو برآمد کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ چینگن کی تیار کردہ گاڑیاں گزشتہ 10برسوں سے چین میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیاں ہیں، ان کی تعداد سالانہ 28 لاکھ 70 ہزار ہے، ان میں عالمی معیار کی مختلف نوعیت کی ایل سی وی، ایس یو پی، ایم پی وی اور پسنجر گاڑیاں شامل ہیں، یہ گاڑیاں مختلف کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کی جاتی ہیں جن میں سوزوکی، فورڈ، پی ایس اے، مزدا، بوش، آئیسن اور شیفلر شامل ہیں۔ چینگن عالمی معیار کی گاڑیاں تیار کررہی ہے۔

ان میں حفاظت، تحقیق اور ترقی پر خاص توجہ دی جاتی ہے، گزشتہ 10برسوں سے مسلسل چینگن ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبے میں نمبر 1 کمپنی ہے اور کمپنی کے 9 آر اینڈ ڈی سینٹر چین، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا میں ہیں، اس کے علاوہ چینگن کا انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ٹینسینٹ کے ساتھ بھی کاروباری اشتراک عمل ہے تاکہ ’انٹرنیٹ آف وہیکل (آئی او وی) کو ترقی دی جاسکے، یہ پہلی کمپنی ہے جس نے چین میں بڑے پیمانے پر اوآٹونامس لیول 2 ٹیکنالوجی کاروں میں پیش کی ہے۔ چیئرمین ماسٹر موٹرز لمیٹڈ ندیم ملک نے کہا کہ ماسٹر گروپ گزشتہ 2دہائیوں سے آٹو صنعت میں کام کررہا ہے اور ٹرک اور بسیں تیار کررہا ہے اور اب تک 17 ہزار سے زائد گاڑیاں پاکستان میں فروخت کی جاچکی ہیں۔ پاکستان میں 1000 افراد کے لیے 18 گاڑیوں کا تناسب ہے اور اس حوالے سے پاکستان دنیا میں 160 ویں پوزیشن پر ہے۔

پاکستان میں آٹو صنعت کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں اور ہم چینگن کے ساتھ مل کر جدید ٹیکنالوجی اور مناسب قیمت صارفین کو پیش کرکے ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں تاکہ صارفین کو قیمت کا بہترین نعم البدل مہیا کیا جاسکے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ماسٹر موٹرز لمیٹڈ دانیال ملک نے کہا کہ ہم ہر طرح کی مارکیٹ کو بہترین گاڑیاں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فراہم کرنا چاہتے ہیں اور ان میں ہمارا زور ایس یو ویز، ایم پی ویز اور ایل سی ویز گاڑیوں کے ساتھ پسنجر اور الیکٹرک گاڑیوں پر بھی ہوگا، چینگن کے ساتھ اس کاروباری اشتراک سے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے جبکہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے ذریعے لوکلائزیشن سے پاکستان کی وینڈر انڈسٹری بھی مزید فروغ پائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پلانٹ کراچی میں قائم کیا جا رہا ہے جو دسمبر 2018 میں پیداوار شروع کردے گا، اس پلانٹ کی گنجائش 30 ہزار یونٹ 2 شفٹوں میں ہے، ہم شروع میں سال میں چند ہزار گاڑیاں تیار کریں گے اور پھر تین برسوں میں پوری پیداواری صلاحیت اور گنجائش کے مطابق گاڑیاں تیار کی جائیں گی، ہم اپنے صارفین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کیلیے ڈیلر نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے کام کررہے ہیں تاکہ گاڑیوں کے پرزہ جات اور دیگر خدمات کو یقینی بنایا جاسکے جو تمام بڑے شہروں میں موجود ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر ڈیلروں کو مدعو کیا تاکہ چینگن برانڈ کو بڑھایا جا سکے اور صارفین کو عالمی معیار کی خدمات اور سہولت فراہم کی جا سکیں۔

The post آٹو سیکٹر میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2tRegAa
via IFTTT

No comments:

Post a Comment