کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے محض 5 ماہ کی قلیل مدت میں متاثر کن نتائج دئیے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ وزیر اعظم عمران خان کا تصور ہے جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کا وطن سے تعلق مضبوط بنانا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان کے بینکاری اور ادائیگیوں کے نظام سے ڈیجیٹل طور پرمنسلک کرنے کی غرض سے متعارف کرائے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے محض 5 ماہ کی قلیل مدت میں متاثر کن نتائج دئیے ہیں۔ اب تک90,000 سے زائد اکاونٹس کھولے جا چکے ہیں اور 550 ملین امریکی ڈالرز سے زائد ملک بھیجے گئے ہیں جب کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اس میں مزید تیزی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اب نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں ڈالر کے علاوہ برٹش پاؤنڈ اور یورو میں بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز دبئی اسلامک بینک کی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سہولت سے منسلک ہونے کی تقریب سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کررہے تھے۔
ڈاکٹر رضا باقر نے پاکستانی تارکین وطن کو روشن ڈیجیٹل اکاونٹ پیش کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا 10 واں پارٹنر بننے پر دبی اسلامی بینک کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں، دبی اسلامی بینک روشن ڈیجیٹل بینک کو مزید بڑے سنگ میل عبور کرنے میں مدد کرے گا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر، معزز ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں کامیابی سے شمولیت کے لیے دبی اسلامی بینک کی کوششوں کو سراہا۔
ڈاکٹر سید نے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی کہ یہ روایتی بینکاری کی تمام خدمات تک ڈیجیٹل رسائی فراہم کرتا ہے، جن میں فنڈز ٹرانسفر، بلوں اور فیس کی ادائیگی، ای-کامرس شامل ہیں۔
تقریب سے دبئی اسلامک بینک کے برانڈ ایمبسڈر کرکٹر محسن حسن خان نے بھی خطاب کیا جبکہ دبئی اسلامک بینک کے بورڈ کے چیئرمین محمد الشریف نے ویڈیو پیغام میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سنگ میل قرار دیا ۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں سرمایہ کاری میں دنیا کے 96 ملکوں میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں پر بازی لے گئے۔ ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت، ٹیکسوں میں مراعات اور سرٹیفکیٹ پر موزوں منافع کے پیش نظر دنیا بھر میں مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ منتقل کر رہے ہیں۔
The post روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے متاثر کن نتائج دیے، گورنر اسٹیٹ بینک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3pPESwb
via IFTTT
No comments:
Post a Comment