Monday, December 20, 2021

کورونا ویکسین کی خریداری: آئی ڈی بی سے 7 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کا معاہدہ ایکسپریس اردو

 اسلام آباد: پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی)کے مابین کوویڈ 19  ویکسین کی خریداری کے لیے 7 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی فنانسنگ کامعاہدہ طے پاگیا ہے۔

علاوہ ازیں اسلامی ترقیاتی بینک نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 18 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی بھی منظوری دی ہے۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی)کے صدر ڈاکٹر محمد الجیسر اور گورنر اسلامی ترقیاتی بینک نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مہنگائی مزید بڑھنے کا امکان ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

ڈاکٹر محمد الجیسراور گورنر اسلامی ترقیاتی بینک نے افغانستان کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد کے دورے پر آئے تھے۔

اس ضمن میں ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجیسرنے پاکستان کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی بینک پاکستان کا صف اول کا ترقیاتی شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ترقیاتی وژن اور ترجیحات کا بھرپور حامی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ اسلامی بینک ترقی پذیر ڈھانچے، سماجی شعبہ کی ترقی اور پائیدار اقتصادی نمو کے حصول کے لیے مزید مالی وسائل کی فراہمی جاری رکھے گا۔

مزیدپڑھیں: اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 4.5 ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا

انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اسلامی ترقیاتی بینک پٹرولیم مصنوعات کی درآمد سمیت دیگر تجارتی ضروریات کے لیے نجی قرضوں کی فراہمی میں تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان کوویڈ 19 ویکسین کی خریداری کے لیے 7 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی فنانسنگ کامعاہدہ طے پایا۔

صدر آئی ڈی بی نے مزید بتایا کہ بینک نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 18 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی بھی منظوری دی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کی اسلام آباد آمد اور پاکستان کے لیے ان کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کورونا وبا کے دوران کوویڈ 19 پر قابو پانے، بحالی اور ویکسین کی خریداری کے لیے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کے اسلامی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا پاکستان کو 70 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا

وفاقی وزیر نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جیسے کلین اینڈ گرین توانائی کی ترقی کے منصوبوں کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون کو بھی سراہا جس سے نہ صرف 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی بلکہ پاکستان کے آبی ذخائر کی گنجائش میں 12 لاکھ 93 ہزارایکڑ فٹ کا بھی اضافہ ہو گا۔

عمرایوب نے کہا کہ اس اقدام سے غذائی تحفظ کو استحکام ملے گا اور پشاور کے شہریوں کو 13.32 کیوسک پینے کا صاف پانی بھی میسر آئے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مہمند ڈیم سے مقامی افراد کے لیے براہ راست روزگار کے 6 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔

تبادلہ خیال کے دوران وفاقی وزیر اقتصادی امور نے بینک کے ساتھ بہتر تعاون اور شراکت کے لیے اسلام آباد میں علاقائی دفتر کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

The post کورونا ویکسین کی خریداری: آئی ڈی بی سے 7 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کا معاہدہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3GWO5Mn
via IFTTT

No comments:

Post a Comment