Friday, August 2, 2019

ٹرمپ کا وژن اور امریکی سرد مہری کا خاتمہ ایکسپریس اردو

وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا وژن قابل تعریف قرار دے دیا ہے۔ان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات سے متفق ہیں کہ خطے میں قیام امن ہو۔ پاک امریکا مضبوط تعلقات سے علاقائی امن واستحکام میں بھی اضافہ ہوگا۔اس وقت دورہ امریکا کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان ڈیڑھ سال سے جاری سرد مہری کا خاتمہ ہوا ہے۔ٹرمپ نے مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے ثالث بننے والی بات کہہ کر بریک تھرو بھی کردیا ہے۔

دراصل جغرافیائی محل وقوع اور علاقی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔امریکا ، افغانستان سے بتدریج اپنی افواج کا انخلاچاہتا ہے اور اس حوالے سے بنیادی طور پر امریکا کی افغانستان میں اسٹرٹیجی تبدیل ہو رہی ہے۔ یہ اصل تبدیلی ہے، جس کے لیے امریکا کو پاکستان کی مدد درکار ہے۔ اب ڈومورکی گردان نہیں ہورہی ہے بلکہ امریکا اکثر پاکستان کو طالبان کے حوالے سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کوکہتا رہا ہے۔

پاکستان طالبان کو میز پر تو لے آیا ہے۔اب امریکا اس تناظر میں پاکستان سے اورکیا چاہے گا ؟ یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔ ٹرمپ پر لاکھ تنقید ہوتی رہی لیکن وہ روایتی سیاستدان نہیں، وہ بولڈ فیصلے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں اور اگر مستقبل قریب میں وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان وجہ نزع بننے والے مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو خطے میں امن کی بنیاد پڑ سکتی ہے ۔عمران خان کے دورہ امریکا کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

پاکستان کاکردار خطے میں امن کے لیے اہمیت اختیارکرگیا ہے،افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں پاکستان کا کردار اورکاوشیں اگر رنگ لے آتی ہیں تو دوسرے مرحلے میں یقینا امریکا، پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان بھی تناؤکی فضا برقرار ہے۔ایران کے حوالے سے امریکی حکمتِ عملی کیا ہے یہ تو بظاہر پوشیدہ ہے لیکن اس میں بھی پاکستان اپنا رول ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

بادی النظر میں دیکھا جائے توایران ، پاکستان،افغانستان اور بھارت  خطے کے اہم ترین ممالک ہے اور امریکی صدر اپنے وژن کے مطابق ان ممالک کے درمیان موجود مسائل کا حل نکالنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو علاقائی استحکام آنے سے اس خطے کے دو ارب انسانوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں میسر آسکیں گی ۔ جنگیں مسائل کا حل نہیںہوتیں بلکہ انسانیت اور انسانی ترقی کے لیے زہر قاتل ہوتی ہے۔امریکا کو دنیا میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

The post ٹرمپ کا وژن اور امریکی سرد مہری کا خاتمہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2ZvRxbk
via IFTTT

No comments:

Post a Comment