Saturday, October 30, 2021

سوشل لیڈرز سماجی ترقی کے سفیر ایکسپریس اردو

لیڈرشپ ایک بہت وسیع اور دل چسپ موضوع ہے۔ جدید ریسرچ نے اس کے کئی نئے پہلوئوں کو واضح کیا ہے۔

اسی کی ایک شاخ سوشل لیڈرشپ ہے۔ ہماری دُنیا میں اس وقت سوشل لیڈرز کی اشد ضرورت ہے۔ مذہبی اور سیاسی قیادت کی عالمی سطح پر پرفارمنس کے بعد اس چیز کو بڑی شدت سے محسوس کیا گیا کہ سوشل لیڈرز کیسے دُنیا میں تبدیلی لاسکتے ہیں؟

دُنیا کو ایسے لیڈرز کی ضرورت ہے جو رنگ، نسل، مذہب وملک کی تفریق کے بغیر انسانیت کی بھلائی اور معاشرتی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ آج کے اس مضمون میں ہم سماجی قیادت کیا ہے؟ اس کا معاشرے میں کیا کردار ہے اور کون لوگ سوشل لیڈرز بن سکتے ہیں؟ پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔

٭ سوشل لیڈرشپ کیا ہے؟
سوشل لیڈرشپ، لیڈرشپ کا ایک انداز ہے جو سماجی دُنیا کے لیے موزوں ترین ہے، آج ہم مسلسل بدلتی دُنیا میں رہتے ہیں۔ سماجی قیادت معاشروں میں حاصل کردہ اختیار کی ایک شکل ہے اور فرد کی ذاتی تشخیص کی بنیاد پر قائم ہے۔ یہ کسی بھی سماجی راہ نما کی رسمی اتھارٹی کو ایک درجہ بندی کے اندر تکمیل دے سکتی ہے، لیکن یہ ان لوگوں کے لیے بھی موزوں ہے جن کے پاس کوئی رسمی طاقت نہیں ہے۔

دُنیا بھر میں افراد اور ٹیموں کے لیے سماجی لیڈرشپ کی صلاحیت کو تیار کرنے کے لیے مختلف کورسز تیار کیے جاتے ہیں جن کا مقصد لوگوں کو سماجی دور کے ذریعے اُن کے سفر میں راہ نمائی فراہم کرنا اور اُن کو سماجی تعاون اور تخلیق کا تجربہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی اپنی کمیونٹی کے روزمرہ کے کاموں، چیلنجوں کو حل کرسکیں۔

علاوہ ازیں سماجی راہ نما کی کسی تنظیم کو ترقی کی منازل طے کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ سماجی قیادت عاجزی، انصاف اور مہربانی پر بنائی جاتی ہے، لیکن یہ طاقت کی کوئی عام شکل نہیں ہے۔ یہ ایک طاقت ہے جو کمائی جاتی ہے اور اس کی وجہ سے اس کا بہت زیادہ وزن ہوتا ہے۔ یہ اعتماد سے بنائی گئی مضبوط عمارت ہے۔ ہم سب کے پاس علم اور تجربے کا قیمتی خزانہ ہے اور ہماری ذمے داری ہے کہ ہم اس علم اور تجربے کو ان لوگوں تک پہنچائیں جو اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اگر آپ بطور مینیجر کام کر رہے ہیں، مثال کے طور پر ٹیم لیڈر یا پراجیکٹ مینیجر۔ اگر آپ سنیئر مینجمنٹ سے لے کر مڈل مینجمنٹ تک کی تنظیم یا کمیونٹی ریسپونڈر کے رکن ہیں، تو سماجی قیادت کی صلاحیت آپ کو ایسی مہارتیں پیدا کرنے میں بھی مدد دے گی جو آپ کو انسانی زندگی کے مختلف شعبوں میں روایتی انداز سے کام کرنے سے بڑھ کر پرفارم کرنے کے لیے متحرک کرے گی تاکہ آپ دوسرے انسانوں کو زندگی میں آگے بڑھنے میں راہ نمائی کر سکیں۔

کیا آپ بھی سوشل لیڈرز بن سکتے ہیں؟ جی ہاں ہر وہ انسان جو معاشرے میں دوسرے انسانوں کے ساتھ سماجی تعلقات رکھتا ہے اور سماجی شعور کا حامل ہے وہ اپنے اندر چند بنیادی صلاحیتوں کو پروان چڑھا کر ایک بہترین سماجی لیڈر بن سکتا ہے۔

سماجی لیڈر کے لیے یہ چند صلاحیتیں ہونی چاہئیں۔ دوسرے لفظوں میں اپنی ذات کا SWOT تجزیہ کرنا ہے ۔اپنی بہترین مہارتوں کا پتا لگائیں۔ خاص طور پر جن پر آپ کام کرنا چاہتے ہیں ان کی شناخت کریں۔ایسی کمیونٹی کو تلاش کریں جس میں شامل ہوکر آپ اپنا خاص شعبہ میں نام ومقام حاصل کرتے ہیں۔اپنے رویے سے معاشرے میں مثبت اثر پیدا کریں۔اپنے ذاتی، مذہبی، علاقائی اور سیاسی اختلافات کو پس پردہ رکھ کر معاشرے کی بہتری کیلئے سماجی راہ نما بنیں۔

سماجی راہ نماؤں کے لیے کاروباری اور سماجی معاملات کو چلانے کے لیے ضروری مہارت، نقطہ نظر اور خود آگاہی سے روشناسی حا صل کریں۔

یاد رکھیں ہماری دُنیا کو سماجی راہنماؤں کی اشد ضرورت ہے۔ سماجی قیادت ایک ابھرتی ہوئی قیادت کا انداز ہے جو جدید معاشرے کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کیوںکہ سماجی راہ نما معاشرے میں مضبوط تعلقات قائم کرسکتے ہیں۔

ہم ڈیجیٹل تبدیلی کے درمیان راہ نماؤں کے ساتھ مزید ردِعمل اور مضبوط انسانی تعلقات کی توقع کرتے ہیں۔ اس سماجی دور میں، راہ نما نہ صرف اپنے ملازمین اور صارفین کے ساتھ حقیقی مکالمہ کرتے ہیں، بلکہ انہیں معاشرے میں اپنے کردار پر نظرثانی کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ سماجی راہ نما سماجی اثرات کی اسٹریٹجک قدر کو سمجھتے ہیں۔

اپنے پائے دار اہداف کو پورا کرنے کے لیے تنظیموں اور معاشروں کو ایسے سماجی راہ نماؤں کی ضرورت ہوتی ہے جن کے پاس کاروباری نتائج اور سماجی اثرات دونوں کو چلانے کے لیے مہارت، نقطہ نظر اور قابلیت ہو۔ سماجی راہ نما سمجھتے ہیں کہ مشترکہ قدر پیدا کرنے اور مثبت معاشرتی اثرات کے نتیجے میں کاروباری کارکردگی مضبوط ہوتی ہے۔ سماجی راہ نما دوسروں کی کام یابی کے لیے ضروری ماحول قائم کرتے ہیں۔

دُنیا علم کی کمی سے علم کی کثرت کی طرف بڑھ گئی ہے۔ اب یہ فرق نہیں پڑتا کہ میں وہ نہیں جانتا جو آپ جانتے ہیں لیکن اس سے فرق پڑتا ہے کہ آپ جو کچھ جانتے ہیں اس کے ساتھ آپ کیا کرسکتے ہیں۔ مواد پر مہارت اب کافی نہیں ہے۔ راہ نماؤں کو ان چیزوں کو فلٹر کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جو وہ سنتے، دیکھتے اور پڑھتے ہیں، مختلف نمونوں کو پہچانتے ہیں اور دوسروں کو کام یاب ہونے کے لیے موثر ترتیب دیتے ہیں۔ ہمیں مؤثر سماجی راہ نما بنانے کے لیے منظم منصوبہ سازی اور تنظیم سازی کرنے کی ضرورت ہے۔

ہمیں تنظیموں کو اپنے سماجی مقصد کو اپنے لوگوں کے ذریعے زندگی میں حا صل کرنے میں مدد کرنی ہے۔ ہمیں ایک ایسی دُنیا بنانے میں مدد کرنی چاہے جہاں تمام تنظیموں کی قیادت ان لوگوں کی طرف سے کی جائے جو دوسروں کو عظمت کی طرف راغب کرتے ہیں۔ ایسے تجربات کے ذریعے جو لوگوں میں خود آگاہی پیدا کرتے ہیں، ان کے عالمی نقطہ نظر کو وسعت دیتے ہیں اور ان کی ہنرمندی کو تقویت بخشتے ہیں، ہمیں ایسے راہ نما تیار کرنے ہیں جو پوری تنظیم کو ایک مشترکہ مقصد کے گرد ترتیب دینے کے لیے تیار ہوں۔

٭ سماجی قیادت کس طرح ہماری قیادت کا انداز بدل رہی ہے؟
ایک وقت تھا، اور اب بھی ہے، جب جذباتی یا ہمدرد ہونے کو کمزور مہارت کے طور پر دیکھا جاتا تھا جس کا موثر انتظام میں کوئی مقام نہیں تھا۔ آج کے کاروباری ماحول میں، کام یاب قیادت میں تیزی سے پیچیدہ عوامل کو سمجھنے بلکہ راہ نماؤں کو نہ صرف ذہین اور مضبوط فیصلہ ساز ہونے کی ضرورت ہے، بلکہ ان کے پاس بہترین سماجی مہارتوں بھی ہونی چا ہیں۔

٭ سماجی قیادت کیوں ضروری ہے؟
ایک سماجی راہ نما ہونے کی حیثیت سے، سب سے پہلے، ہمیں یہ تسلیم کرنا کہ لوگوں کی ایک ٹیم ہے جو تمام فیصلوں، نظریات کی تخلیق اور نفاذ کے لیے ذمہ دار ہے۔ ایک راہ نما کے طور پر ’’میں‘‘ کی بجائے ’’ہم‘‘ کے ساتھ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ لیکن ایک سماجی راہ نما ہونا صرف یہ جاننے سے زیادہ ہے کہ ہم ایک ٹیم ہیں، ایک سماجی راہ نما کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ ٹیم کے اندر اعتماد، باہمی اشتراک اور احترام کیسے پیدا کیا جائے۔

ٹیم کے اندر یہ اقدار تمام اراکین کو خیالات کو تبادلہ کرنے یعنی مکالمہ کرنے اور تعاون کرنے بدولت ہی پروان چڑھے گا۔ ایسا ماحول ایک کھلی فضا پیدا کرے گا جہاں سے ہر ایک کو بدلتی ہوئی ہوا کے ذریعے راہ نمائی میں زیادہ حصہ داری حاصل ہوگی۔ تعلقات کی تعمیر اور کمیونٹی کے ذریعے سماجی قیادت کی مہارت حاصل کرنا، ایک مؤثر راہ نما بننا اور پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

کچھ لوگ بہت متاثر کن سماجی مہارتوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، جب کہ دوسروں کے لیے یہ ایک جدوجہد ہوسکتی ہے۔ لیڈر سماجی راہ نما کے طور پر پیدا ہوتا ہے یا نہیں، یہ ایک الگ سوال ہے ۔ لیکن سماجی مہارتیں سیکھی اور ان پر عمل کیا جا سکتا ہے۔ کچھ کے لیے یہ مشکل ہوسکتا ہے، لیکن وہ ایک کام یاب ٹیم کو منظم کرنے کے لیے اہم مہارت رکھتے ہیں۔ بہت سی خصوصیات ہیں جو قدرتی سماجی راہ نماؤں میں ہوتی ہیں۔

ان میں چند کا ذکر مندرجہ ذیل ہے۔
احساس کا جذبہ: سماجی راہ نما دوسروں کا احساس اور ان کی فلاح وبہبود کا خیال رکھتے ہیں۔
تعاون: سماجی راہ نما یہ سمجھتے ہیں کہ فیصلے ایک ٹیم کے طور پر کیے جاتے ہیں اور وہ دوسروں کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔
شفافیت: سماجی راہ نما اپنے ارد گر لوگوں کے ساتھ دیانت دار اور مستند ہونے کے قابل ہوتے ہیں۔
ہمدردی: سماجی راہ نما یہ دیکھنے کی اہلیت رکھتے ہیں کہ فیصلے دوسرے لوگوں پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں اور واقعات کو سمجھنے کے لیے دوسرے شخص کے نقطہ نظر سے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔
خود آگاہی :سماجی راہ نما خود کو جاننے اور اپنی طاقت، کم زوریوں، احساسات اور اقدار کا جائزہ لینے کے قابل ہوتے ہیں۔
متوازن: سماجی راہ نما مشکلات حالات اور دبائو کے دوران متوازن رہتے ہیں۔
لوگ سے مضبوط تعلقات: سماجی راہ نما جانتے ہیں کہ لوگ اور رشتے کسی تنظیم کی ترقی کے لیے اہم ہوتے ہیں، اور تنظیم کے سماجی پہلو کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔
ہمت: سماجی راہ نما درست کام کرنے کی جرأت اور قابلیت رکھتے ہیں، حالاںکہ یہ آسان نہیں ہوتا ہے۔
ان میں سے بہت سی خصوصیات اعلٰی سطح کی جذباتی ذہانت کی طرف اشارہ کرتی ہیں، جو بہتر انتظام کے لیے اراکین کی بہتر کارگردگی کا باعث بن سکتی ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جن ملازمین کے پاس اعلٰی EQ کے مینیجرز تھے ان کی کمپنی چھوڑنے کے امکانات چار گنا کم تھے اور کمپنی کلچر کے بارے میں ان کے 70 فی صد سے زیادہ متاثر ان مینیجر کی جذباتی ذہانت کی سطح کے نتیجے میں ہوئے تھے۔

٭ تو کیا آپ سماجی راہ نما ہیں؟
یہ 10 سوالات کے ساتھ آپ کو ایک عام احساس ہوگا کہ آپ میں سماجی راہ نما کی خصوصیات ہیں یا نہیں اور اگر آپ انہیں اپنے قائدانہ اسٹائل میں استعمال کر رہے ہیں:
کیا آپ عام طور پر اپنے ملازمین پر مکمل کام کرنے اور صحیح کام کرنے پر اعتماد کرتے ہیں؟
کیا آپ مسائل سے قبل ازوقت بچائو کے طریقوں کے بارے میں سوچتے ہیں یا مسائل درپیش ہونے پر عمل کرتے ہیں؟
جب آپ کوئی فیصلے کرتے ہیں تو کیا دوسروں کے خیالات سننا پسند کرتے ہیں؟
کیا آپ تبدیلی پسند کرتے ہیں اور یہ سوچتے ہیں کہ چیزیں کیسے مختلف اور بہتر ہو سکتی ہیں؟
کیا آپ اپنے ملازمین کے ساتھ اقدار کو فروغ دینے اور انسانی عظمت کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کرنا پسند کرتے ہیں؟
کیا آپ عام طور پر روشن پہلو دیکھنے کو تیار ہوتے ہیں؟
کیا آپ اپنی غلطیوں کی ذمے داری قبول کر سکتے ہیں؟
کیا آپ اپنے سے مخالف نقطہ نظر کے حامل افراد کے ساتھ بات چیت کرسکتے ہیں؟
کیا آپ انفرادی نقطہ نظر پر ٹیم کے نقطہ نظر کی قدر کرتے ہیں؟
کیا آپ گروپ کو آئیڈیاز اور مثبت نتائج کا کریڈٹ دینے کے قابل ہیں؟

اگر آپ نے ان میں سے بیشتر یا تمام سوالات کے ہاں میں جواب دیے ہیں تو آپ میں پہلے ہی سے سماجی راہ نما کی بہت سی خوبیاں موجود ہیں۔ ان سوالات کے لیے جہاں آپ کا جواب نہیں تھا، یہ جاننے کی کوشش کریں کہ یہ معیار آپ کے ساتھیوں کو کس طرح متاثر کرتا ہے۔

اگر یہ ایسی چیز ہے جسے آپ مزید ترقی دینے اور بہتر کرنے میں دل چسپی رکھتے ہیں تو، ان سوالات کو اپنی ٹیم کے ساتھ شیئر کریں اور دیکھیں کہ ان کے جوابات کیا ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اس مشق کو اپنے لیے بھی استعمال کریں، تاکہ ان کی اپنی سماجی قیادت کی صلاحیت کا بھی جائزہ لیا جا سکے۔

سماجی راہ نما بننا ایک طویل اور مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ ہم سب سماجی ہیں، لہٰذا ہر ایک میں سماجی راہ نما ہونے کے عناصر موجود ہوتے ہیں۔ لیکن اگر مذکورہ بالا سوالات کے بہت سے جوابات دوسری صورت میں بیان کیے گئے ہیں تو، کچھ چیزیں ایسی ہیں جن پر عمل کرکے کسی کو بھی بہتر سماجی راہ نما بنایا جا سکتا ہے۔ ایک سماجی لیڈر سننے اور سمجھنے کے قابل ہوتا ہے تاکہ دوسرے لوگ اس مسئلے کو تیزی سے اور آسانی سے آگے بڑھا سکیں۔ راہ نماؤں کو ملازمین سے اتفاق کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے اور ان کے پاس تمام جوابات بھی نہیں ہوتے ہیں، لیکن وہ سن سکتے ہیں اور مشورے دے سکتے ہیں۔

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ زیادہ تر لوگ کہتے ہیں کہ سپورٹیو باس کے لیے کام کرنا بہت زیادہ پیسہ کمانے سے زیادہ اہم ہے۔ ایسے لیڈر جو اپنے ملازمین کا خیال رکھتے ہیں وہ اُن پیداواری صلاحیت کو بڑھاتے ہیں۔ کام اور لوگوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہم دردی سے سننا اور جواب دینا سیکھنا نہ صرف ایک بہتر لیڈر بننے کے لیے، بلکہ ٹیم کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے بہترین ذریعہ ہے۔

٭ پاکستانی معاشرے میں سماجی لیڈر، عملی مثالیں:
پاکستانی معاشرہ ایک متحرک اور منفرد معاشرہ ہے۔ اس میں کئی اہم اور مثبت پہلو ہیں جو اسے توانا رکھے ہوئے ہیں۔ صحت مند اور بھرپور معاشروں میں سماجی راہ نما وہ افراد ہوتے ہیں جو معاشرے کی اجتماعی فلاح و بہتری کے لیے رول ماڈلز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان میں عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر روتھ فائو، ڈاکٹر ادیب رضوی، ڈاکٹر امجد ثاقب، دارالسکون کی سسٹر روتھ لوئیس اور ایسے بے شمار نام ہیں جنہوں نے اپنی گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں۔

بنیادی طور پر اُن کے پاس کو مذہبی اور سیاسی اختیار اور عہدہ نہ تھا لیکن اُن کے خیالات کا اثر ضرور معاشرے پر مثبت اندازہ ہوتا۔ ہمیں اپنے معاشرے میں بہتری، ترقی اور رواداری اور بھائی چارے کو قائم کرنے کے لیے نوجوانوں کو سماجی قیادت کی افادیت سے آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہمارا معاشرہ سماجی برائیوں کے خلاف ایک موثر، منظم اور مستحکم دیوار بن سکے۔

The post سوشل لیڈرز سماجی ترقی کے سفیر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3pSVGGr
via IFTTT

No comments:

Post a Comment