Friday, December 30, 2022

سوشل میڈیا پر چلنے والی بچوں کی تصویر سندھ کے کسی جیل کی نہیں، شرجیل میمن ایکسپریس اردو

  کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کچھ بچوں کی تصاویر وائرل کر کے انہیں سندھ کی جیل دکھایا جارہا ہے جبکہ وہ تصویر سندھ کے کسی بھی جیل کی نہیں ہے۔

صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ، مکیش کمار چاولہ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے میڈیا افیئرز فہد ہارون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سندھ کی جیلوں سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، اور افغان بچوں کی تصویریں وائرل کی جا رہی ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ یہ لانڈھی جیل کی تصویر ہے، جب چیک کیا تو یہ تو پتا چلا کہ یہ لانڈھی جیل کی تصویر نہیں ہے ، پھر کہا گیا کہ ویمن جیل کی تصویر ہے لیکن وہاں بھی چیک کیا تو پتا چلا کہ یہ تصویر ویمن جیل کی بھی نہیں، دراصل یہ تصویر سندھ کے کسی جیل کی نہیں ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں 129 انڈر ٹرائل افغان خواتین اور 178 بچے جیل میں موجود ہیں، یہ بچے گرفتار نہیں بلکہ عدالتی حکم اور قانون کےمطابق جیل میں اپنی والدہ کے ساتھ رہتے ہیں کیونکہ جیل قوانین میں خواتین قیدیوں کو 7 سال تک کے بچوں کو اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بچوں کے والدین جیل میں ہوں اور ان کوئی سنبھالنے والا نہ ہو تو قانون کے مطابق خواتین بچوں کو اپنے ساتھ رکھ سکتی ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو کسی بھی ملک میں رہنے کی اجازت نہیں، غیر قانونی تارکین وطن کو آئین و قانون کے مطابق گرفتار کیا جاتا ہے ، یہ پوری دنیا میں قانون ہے، انہیں گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش کیا گیا، اب یہ عدالتی حکم پر جیل میں ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جیلوں میں قید خواتین کے معاملے کو افغان قومیت کے تناظر میں نہ لیا جائے کیونکہ سندھ میں نائجیریا ، بنگلادیش اور دیگر ممالک کی خواتین بھی قید ہیں، یہ قانون تمام غیر قانونی تارکین وطن پر لاگو ہوتا ہے، عدالتوں نے 54 خواتین کو دو دو ماہ کی سزائیں سنائی ہیں اور ان کی سزائیں جنوری کے پہلے ہفتہ میں مکمل ہو جائیں گی، جن کو وفاقی حکومت کے تعاون سے ڈیپورٹ کر دیا جائے گا ۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کا غیر قانونی تارکین وطن پر موقف واضح ہے، ان کے خلاف ملک کے قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ۔ ایسے افراد کو یہاں ملکیتوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں، اگر غیر قانونی تارکین وطن جرائم میں ملوث ہیں تو ان کے خلاف میرٹ پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ، یہ نہیں دیکھا جائے گا کہ ان کی قومیت کیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا کو بچوں کے جیل کی ویڈیوز اور تصاویر بھی دکھائی گئیں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بچوں کو جیل میں بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہیں بہترین کھانا اور تعلیم و صحت کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہی ۔ انہوں میڈیا کہ نمائندوں کو دعوت دی کہ آج ہی پریس کانفرنس کے اختتام پر مشیر برائے جیل خانہ جات کے ساتھ جیوینائل جیل کا دورہ کریں اور قوم اور پورے پاکستان کو دکھائیں کے سندھ کی جیلوں میں کسی کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر 2022 کو نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے وفد نے چیئرپرسن رابعہ جویریہ آغا کی سربراہی میں خواتین اور بچوں کی جیل کا دورہ کیا تھا، جس میں انہوں جیل میں دی جانے والی سہولیات اور ماحول کی تعریف کی تھی۔

 

The post سوشل میڈیا پر چلنے والی بچوں کی تصویر سندھ کے کسی جیل کی نہیں، شرجیل میمن appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/t7QD8xs
via IFTTT

No comments:

Post a Comment