Saturday, December 17, 2022

کراچی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر بیٹے کو باپ کے سامنے گولی مار دی ایکسپریس اردو

  کراچی:  شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ایک اور نوجوان کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر باپ کے سامنے گولی مار کر قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  کورنگی پانچ نمبر مارکیٹ میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر والد کے سامنے بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے والد سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔  واقعہ کے بعد موقع پر موجود عوام نے تعاقب کے بعد ایک ڈکیت کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔

مقتول کی شناخت بائیس سالہ اظہر کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی والد کی شناخت پچاس سالہ مسعود اور 25 سالہ راہگیر اسامہ کے نام سے ہوئی۔

واقعے کے بعد چھیپا کے رضا کاروں نے مقتول کی لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال پہنچایا جبکہ واردات کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈکیت کو موقع پر موجود عوام نے تعاقب کے بعد پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔

ایس ایچ او عوامی کالونی جمال لغاری نے بتایا کہ عوام کے تشدد سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی لاش بھی جناح اسپتال لیجائی گئی جس کی بائیو میٹرک کے ذریعے شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

واقعہ کی اطلاع مقتول کے اہل خانہ کو ملی تو کہرام مچ گیا اور خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اظہر اسی علاقے کا رہائشی بتایا جاتا ہے جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔

دریں اثنا سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے نیو سبزی منڈی ناردرن پل کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 25 سالہ انار گل کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جسے فوری طبی امداد کے لیے ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال منقتل کیا۔ علاوہ ازیں شاہ لطیف رزاق آباد در محمد مارکیٹ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 27 سالہ شفیق نامی شہری ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔

The post کراچی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر بیٹے کو باپ کے سامنے گولی مار دی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/9QpcwFd
via IFTTT

No comments:

Post a Comment