Tuesday, November 26, 2019

ٹرمپ کو طالبان کے ساتھ امن ڈیل کی بدستور امید ایکسپریس اردو

گزشتہ روز تھینکس گیونگ (اظہار تشکر) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں قیام امن کے لیے دوبارہ کوشش کریں گے تاکہ افغانستان میں تقریباً تین عشروں سے پھنسے ہوئے امریکی فوجیوں کو اپنے ملک واپس جانے کا امکان پیدا ہو سکے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ افغان طالبان سے مصالحتی مذاکرات کو معطل کرنے کا اعلان بھی صدر ٹرمپ نے خود ہی کیا تھا تاہم اب انھیں اپنی جلد بازی کا احساس ہو گیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے جائیں اور انھیں کسی سمجھوتے پر پہنچنے کے لیے آمادہ کر لیا جائے۔ اسی موقع پر امریکی ٹی وی فاکس نیوز کے ساتھ اپنے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا ہم افغان طالبان کو مصالحت پر آمادہ کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے کوششیں جاری ہیں لہذا آپ دیکھتے رہیں کہ نتیجہ کیا نکلتا ہے۔

روایت کے مطابق امریکی صدر تھینکس گیونگ کی تقریبات پورا ایک ہفتہ مناتے ہیں اور اس موقع پر اپنی قوم کو اچھی خبروں سے آگاہ کرتے ہیں لیکن صدر ٹرمپ کے لیے یہ ہالیڈے میٹنگ سے کہیں زیادہ اہم موقع ہوتا ہے۔ امریکا نے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں جو اپنی فوجیں پھیلا رکھی ہیں ان کی واپسی کا اعلان بھی اس موقع پر ہوتا ہے جس طرح 2016ء میں عراق شام اور کسی حد تک افغانستان سے بھی ہزاروں کی تعداد میں امریکی فوجیوں کو واپس بلا لیا گیا۔

لیکن اس مرتبہ وہ اپنے تمام 13000 فوجیوں کو جو افغانستان میں برسرپیکار ہیں واپس لانا چاہتے ہیں۔ ستمبر کے مہینے میں امریکی صدر بہت حد تک اپنا ہدف حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے تھے اور انھوں نے افغان صدر اشرف غنی اور طالبان کو کیمپ ڈیوڈ آنے کی دعوت بھی دی تھی جو  واشنگٹن کے قریب ہی واقع ہے۔لیکن وہ مذاکرات طالبان کی طرف سے امریکی فوجی سمیت کئی لوگوں کی ہلاکت کے بعد ملتوی ہو گئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف کیمپ ڈیوڈ میٹنگ منسوخ کر دی بلکہ یہ اعلان بھی کر دیا کہ مذاکرات ناکام ہو کر ختم ہو چکے ہیں۔

تاہم گزشتہ ہفتے جب طالبان نے ایک دوسرے کے قیدیوں کا باہم تبادلہ کیا تو مذاکرات کے دوبارہ شروع ہونے کی امید پیدا ہو گئی۔ قیدیوں کے اس تبادلے کا کریڈٹ افغان صدر اشرف غنی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد کے علاوہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بھی دیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ تینوں لیڈر مذاکرات کے مزید جاری رکھنے کی حمایت کریں گے تاآنکہ وہ کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔

The post ٹرمپ کو طالبان کے ساتھ امن ڈیل کی بدستور امید appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2OrTP8x
via IFTTT

No comments:

Post a Comment