اسلام آباد: پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں پرمشتمل متحدہ اپوزیشن نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی دنیا کے وزرائے خارجہ، مندوبین اور دیگر اعلی شخصیات کی پاکستان آمد کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ معزز مہمانوں کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت و افتخار ہے، ہم ان کے جذبے اور عزم کی تحسین کرتے ہیں کہ وہ افغانستان، جموں و کشمیر، فلسطین سمیت اسلامی دنیا کو درپیش کثیر الجہتی درپیش اہم مسائل پر غور کے لیے 22 اور 23 مارچ 2022 کو اسلام آباد شریف لارہے ہیں۔
خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مذکورہ اعلامیہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اپوزیشن جماعتوں نے او آئی سی کانفرنس روکنے کی دھمکی دے دی تھی اور کہا تھا کہ اگر اسپیکر نے پیر تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا تو ہم ایوان میں دھرنا دیں گے اور دیکھتے ہیں کہ حکومت او آئی سی کانفرنس کیسے کرتی ہے۔
مزیدپڑھیں: تحریک عدم اعتماد کی کارروائی نہ ہونے پر اپوزیشن کی او آئی سی کانفرنس روکنے کی دھمکی
اپوزیشن کا اعلامیہ رونما ہونے والی تازہ سیاسی پیش رفت کے تناظر میں اہم تصور کیا جارہا ہے جس میں کہا گیا کہ او آئی سی کے لیے متحدہ اپوزیشن نے لانگ مارچ کی تاریخوں میں تبدیلی کی اور اپنے کارکنان کو 25 مارچ سے پیشتر اسلام آباد نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے مطابق پاکستان کے داخلی سیاسی حالات اور سیاسی کشمکش کو کسی طور او آئی سی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ معزز مہمانان گرامی کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار رہے گا اور وہ اچھی یادیں لے کر وطن واپس تشریف لے جائیں گے۔
علاوہ ازیں اعلامیے میں کہا گیا کہ ہم او آئی سی کے مہمانوں کی پزیرائی اور استقبال کے لیے چشم براہ ہیں، پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن انہیں یقین دلاتی ہے ان کی آمد کے موقع پر پورا پاکستان انہیں خوش آمدید کہتا ہے۔
The post متحدہ اپوزیشن کا یوٹرن؛ او آئی سی اجلاس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/CjEpJPn
via IFTTT
No comments:
Post a Comment