Thursday, June 27, 2019

بیٹیاں ہیں پُھلواری ۔۔۔۔۔ ! ایکسپریس اردو

اللہ پاک نے ہمیں بے شما ر نعمتیں عطا فرمائی ہیں، وہی پاک پروردگار ہمیں بے حساب اور بن ما نگے بھی دیتا ہے۔ وہ ہر لمحے اپنی رحمتوں اور برکتوں سے ہمیں نوازتا رہتا ہے ہم اس پاک ذات کا جتنا شُکر ادا کر یں کم ہے اور ہم اپنی پوری سعی بھی کرلیں تب بھی اس کا حق ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

اگر ہم ایک پَل کے لیے اپنے اردگرد نظر دوڑائیں تو ہر طر ف اللہ پاک کی رحمتیں اور نعمتیں ہی نظر آئیں گی۔ صحت، علم، دھن دولت، گھر، شان و شوکت، اولاد اور رشتے ناتے سب ہمارے لیے اہمیت رکھتے ہیں اور یہ ہمارے لیے خالق کائنات کی بیش بہا نعمتیں ہیں۔ ان سب میں سے پیاری نعمت اولاد ہے، جو پاک پروردگار کی خاص عطا ہے۔ اللہ پاک نے اولاد میں دو درجے رکھے ہیں، ان میں سے ایک نعمت اور دوسر رحمت ہے۔ یعنی بیٹا نعمت ہے تو بیٹی رحمت اور اللہ پاک جسے چاہتا ہے نعمت سے نوازتا ہے اور جسے چا ہتا ہے رحمت سے نوازتا ہے اور جسے چاہتا یہ دونوں عطا فرما دیتا ہے اور کسی کو ان دونوں میں سے کچھ بھی نہیں دیتا۔ یہ بھی اس پاک ذات کی حکمت ہے۔

قرآن حکیم میں اللہ پاک کے ارشاد گرامی کا مفہوم ہے: آسمان اور زمین کی بادشاہت اللہ ہی کے لیے ہے، وہ جو چا ہتا ہے پیدا کر تا ہے، جسے چاہتا ہے بیٹیاں دیتا ہے، جسے چاہتا ہے بیٹے دیتا ہے یا ان کو بیٹے اور بیٹیاں دو نوں عنایت فرماتا ہے، جسے چا ہتا ہے بے اولاد رکھتا ہے۔ وہ جاننے والا اور قدرت والا ہے۔ اب جب کہ خود اللہ پاک نے فرما دیا ہے کہ فیصلے کا اختیار اُس کے پاس ہے تو افسوس کا مقام یہ کہ ہمارے معاشرے میں اس کی فرمائش اور آرزو کی جا تی ہے کہ پہلے بیٹا ہی پیدا ہو اور بیٹی کی پیدائش پر منہ بنا لیا جا تا ہے۔ بیٹی کی پیدائش پر اتنی خوشی نہیں منائی جاتی جتنی بیٹے کی پیدائش پر منائی جاتی ہے۔ اور یہ تک کہا جاتا ہے کہ ہائے بیٹا پیدا ہوجائے تو ہمارا چشم چراغ، ہمارا وارث اور ہمارے بعد کو ئی ولی عہد آجائے گا اور ایسے بہت کم ہی ہوں گے جو بیٹی کی خواہش کرتے ہوں گے۔

اکثر شادی شدہ جوڑوں اور ان کے گھر والوں کی دعائیں بیٹے کے لیے تو ہوتی ہیں لیکن بیٹی کی دعا شاذ و نادر ہی مانگی جاتی ہے۔ جس گھر میں ایک سے زیادہ بیٹیاں پیدا ہوں تو ان بیٹیوں کی ماں کے ساتھ رویوں میں بھی تبدیلی آجاتی ہے اور بات دوسری شادی، تشدد اور طلاق تک پہنچ جاتی ہے کہ تم نے بیٹیاں پیدا کیوں کیں۔ جب خو د اللہ پاک نے اس بارے قرآن پاک میں بتا دیا ہے تو پھر یہ جہالت کیوں، افسوس! ایسی جہالت تو ہمارے معاشرے میں عام ہے۔ لیکن اس سے بھی زیادہ بھیانک شکلیں ہمارے معاشرے میں موجود ہیں جو اسلام سے قبل عرب معاشرے کی جہالت میں تھیں، جس میں بیٹی کے پیدا ہو نے پر اسے زندہ دفن کر دیا جاتا تھا۔

جب عرب کی جہالت کے اندھیرا حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے نُور سے ماضی کا حصہ بن گئے اور ہر سُو اسلام کی روشنی پھیل گئی اور ایسی رسومات بھی دم توڑ گئیں۔ جب ایک مرتبہ ایک بدو نے حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی بیٹی کے زندہ دفن کرنے کا واقعہ سنایا تو آپ ؐ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے تھے۔ اس زمانے کی جہالت اور آج کی جہالت کو دیکھا جائے تو اس میں کوئی فر ق نہیں ہے۔

سائنس نے بہت ترقی کرلی ہے آلٹراساؤنڈ جو انسان کی اندرونی بیماری اور عورت کے پیٹ میں بچے کی صورت حال بتا سکتا ہے، اس کے ایجاد کرنے کا مقصد تو مثبت تھا کہ کسی بھی حاملہ عورت کے پیٹ میں بچے کی صورت حال کا جائزہ لے کر بروقت علاج کیا جاسکے لیکن اس کا بھی غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر مریض کے اصرار پر آلٹراساؤنڈ کے ذریعے یہ بتا دیتے ہیں کہ حاملہ عورت کے پیٹ میں بیٹا ہے یا بیٹی۔ جن کے ہاں پہلے سے تین چار بیٹیاں ہوتی ہیں وہ اسقاط حمل کروا کے بچہ ضایع کروا دینے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔ بیٹی کو پیدائش کے بعد زندہ دفن کرنے والے اور بیٹی کو پیدائش سے پہلے مارنے والے دونوں جہل میں برابر اور سزا میں بھی ایک جیسے ہی ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ اپنی دنیا اور آخرت بھی برباد کر تے ہیں۔

حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد گرامی کا مفہوم ہے: جس نے تین بیٹیوں یا تین بہنوں کی پرورش کی تو وہ جنّت میں میرے قریب ایسے ہوگا جیسے میری درمیان والی دونوں انگلیاں ہیں۔ کسی نے پوچھا: یا رسول اللہ ﷺ کسی کی دو بیٹیاں ہوں تو؟ آپؐ نے فرمایا: وہ بھی ایسے ہی میرے ساتھ ہوگا۔ حتی کہ آپ ؐنے تو ایک بیٹی کے بارے میں بھی یہی فرمایا ہے۔ یہاں ایک اور بات بھی غور طلب ہے کہ جس کسی کی اولاد چھوٹے معصوم بچوں کی صورت میں فوت ہوجاتی ہے تو وہ قیامت کے دن اپنے ماں باپ کو دوزخ کی آگ سے بچانے کا سبب بنیں گے اور اپنے والدین کو جنّت میں لے جائیں گے۔ لیکن جنہوں نے اولاد کو خود قتل کیا ہو چاہے پیدائش سے پہلے یا بعد میں وہ بچے تو سوال کر یں گے ہمارا کیا قصور تھا۔۔۔۔ ؟ ہمیں کیوں مارا گیا کہ ہم بیٹیاں تھیں، بیٹے نہیں تھے۔۔۔ ؟ پھر اس وقت کیا جواب دیں گے۔۔۔؟

اولاد اللہ پاک کی خاص عنایت ہے چاہے وہ نعمت ہو یا رحمت۔ ہمیں ہر حال میں اللہ کا شُکر ادا کرنا چاہیے اور معاشرے سے ایسی جہالت کو ختم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

 

The post بیٹیاں ہیں پُھلواری ۔۔۔۔۔ ! appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2XfkuLK
via IFTTT

No comments:

Post a Comment