سڈنی: سخت جان کینگروز کے شکار کیلیے پاکستان نے کمان تیارکرلی جب کہ پہلا ٹی ٹوئنٹی آج سڈنی میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کوسڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائیگا، سرفراز احمد کی قیادت میں سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز میں کلین سوئپ ہونے والے گرین شرٹس کے زخم ابھی تک مندمل نہیں ہو پائے ،نئے کپتان بابر اعظم نئے کمبی نیشن کیساتھ میدان میں اترتے ہوئے سخت جان کینگروز کو زیرکرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف ٹورمیچ میں بہتر کارکردگی سے مہمان ٹیم کو اعتماد کی بحالی میں مدد ضرور ملی لیکن انٹرنیشنل کرکٹ اور مضبوط حریف کا دبائو برداشت کرتے ہوئے فتح کا مشن مکمل کرنا آسان نہیں ہوگا،پاکستان کو ٹاپ آرڈر میں کپتان بابر اعظم اور فخرزمان کی خدمات حاصل ہیں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے آسٹریلیا میں اپنی گزشتہ اننگز ایڈیلیڈ میں ون ڈے میچ میں کھیلتے ہوئے سنچری بنائی تھی، حارث سہیل تکنیکی طور پر بہتر بیٹسمین ہونے کی وجہ سے اننگز کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، محمد رضوان ان فارم ہیں لیکن ان پر کم بیک کا دبائو ہوگا،آصف علی اور افتخار احمد سے پاور ہٹنگ کی توقعات وابستہ ہوں گی۔
اسپن آل رائونڈرز عماد وسیم اور شاداب خان کو بیٹ اور بال دونوں سے اپنی افادیت ثابت کرنا ہے، پیس بیٹری میں تجربہ کار محمد عامرسوئنگ، وہاب ریاض اسپیڈ اور دراز قامت محمد عرفان بائونس کی مدد سے مضبوط آسٹریلوی بولنگ لائن میں شگاف ڈالنے کی کوشش کرینگے۔
آسٹریلوی ٹاپ آرڈر میں جارح مزاج کپتان ایرون فنچ کیساتھ سری لنکا کیخلاف تینوں میچز میں بغیر وکٹ گنوائے 217رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر موجود ہیں، مڈل آرڈر اسٹیواسمتھ جیسے پر اعتماد بیٹسمین سے مزیئن ہے،بین میکڈرمٹ اور ایشٹن ٹرنر کیساتھ الیکس کیری بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں،پیٹ کمننر سری لنکا کیخلاف سیریز میں 6، ایڈم زمپا 5 اور مچل اسٹارک 4شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، تینوں نے 15سے کم اوسط سے وکٹیں حاصل کی ہیں،کین رچرڈسن بہترین فارم میں نہیں لیکن ان کا شمار خطرناک بولرز میں ہوتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم نے گزشتہ روز بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کرتے ہوئے اپنی صلاحیتیں نکھاریں، بیٹسمینوں نے پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کیا،بولرز اپنی لائن و لینتھ پر کام کرتے نظر آئے،ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق خود بھی کبھی تیز اور کبھی سلو بولنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوں کو مشق کرواتے اور فٹ ورک میں غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے۔
اس سے قبل ٹرافی کی تقریب رونمائی اور کپتانوں کی پریس کانفرنس بھی ہوئی، پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاکہ سیریز میں میزبان کینگروز کا سخت چیلنج درپیش ہے،گرین شرٹس نمبرون تودوسری جانب آسٹریلین بھی ایک مضبوط ٹیم ہیں، ہم اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے فتح حاصل کرنے کی کوشش کرینگے۔
میزبان کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دوسال سے بہترین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہا ہے، مہمانوں کو اس فارمیٹ میں عالمی نمبر ون بیٹسمین بابر اعظم کی خدمات حاصل ہیں،دیگر ان کیساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے اچھے اسٹروکس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیفٹ آرم بولرز اور اچھے اسپنرز بھی موجود ہیں،ہمیں ایک متوازن ٹیم کا ڈٹ کرمقابلہ کرنا ہوگا۔
دوسری جانب سڈنی میں میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے،کینگروزکی خواہش ہوگی کہ میچ ہو اور وہ مسلسل 6ٹی ٹوئنٹی فتوحات کا اپنا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔
The post پہلے T20 میں کینگروز کا شکار، پاکستان نے کمان تیار کرلی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2qjV6od
via IFTTT
No comments:
Post a Comment