ملتان: قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں آج پی ڈی ایم جلسے کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتیں اور حکومت آمنے سامنے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے آج ملتان کے قاسم باغ اسٹیڈیم میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے جب کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر جلسہ نہ ہونے دینے کا تہیہ کررکھا ہے۔ قاسم باغ اسٹیڈیم کے دروازوں پر تالے ہیں، اس لئے قاسم باغ میں جلسے کا کوئی انتظام نہیں ہوسکا، اسٹیڈیم سے پی ڈی ایم جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز بھی اتار دئیے گئے ہیں۔
قاسم باغ اسٹیڈیم اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ شہر کے بیشتر مقامات پر کنٹینر لگا کر سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
داخلی و خارجی راستوں پر پولیس تعینات
اپوزیشن کے کارکنوں کو روکنے کے لیے ملتان کے داخلہ اور خارجی راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، دیگر شہروں سے ملتان کے لئے بسیں بک کرنے پربھی پابندی لگادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملتان اور گرد و نوح کے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کی اضافی نفری، آنسو گیس شیل اور ربڑ کی گولیاں بھی منگوا لی گئی ہیں۔
مقدمات کا اندراج
2 روز قبل باغ قاسم اسٹیڈیم پر قبضے کے الزام میں ملتان کے تھانہ لوہاری گیٹ پولیس اسٹیشن میں 80 افراد نامزد اور 1800 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ نامزد ملزموں میں یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹے،جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی، جے یو آئی کے سینیٹر عبدالغفور حیدری، اور دیگر نامزد ہیں، علی قاسم گیلانی کو پہلے ہی ایک ماہ کے لیے جیل بھیجا جاچکا ہے جب کہ زاہد بہار ہاشمی سمیت درجنوں افراد پولیس کی تحویل میں ہیں۔
اپوزیشن نے بھی کمر کس لی
دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج ملتان کا جلسہ ہر حال میں ہوگا۔ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کے کورونا کا شکار ہونے کے باعث بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی آج سے قومی سیاست میں انٹری دے رہی ہیں، وہ یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جلسہ ناکام بنانے کے لیے حکومت غیر قانونی راستے اختیار کررہی ہے، ووٹ چور ٹولہ جلسے روکنے کے لئے سرتوڑ کوشش کررہا ہے لیکن لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔ آج کا جلسہ ہوکر رہے گا۔
The post ملتان میں پی ڈی ایم جلسہ؛ اپوزیشن اور حکومت آمنے سامنے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3fQIcUo
via IFTTT
No comments:
Post a Comment