Tuesday, June 4, 2019

واٹر بورڈ کی نا اہلی؛ عید کے دنوں میں بھی پانی کا بحران رہے گا ایکسپریس اردو

کراچی: شہر میں عید کے 3 دن بھی پانی کا بحران جاری رہے گا جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے۔

عیدالفطر کے 3 دن کراچی کے شہریوں کو پانی فراہمی شدید متاثر رہے گی، شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے جس کی وجہ سے پانی کی عدم فراہمی پر مختلف علاقوں میں شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، پانی کی عدم فراہمی سے گلستان جوہر، کورنگی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، ناظم آباد، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، بفرزون، نارتھ کراچی سیکٹر 8 اور دیگر سیکٹروں سمیت شہر کے بیشتر علاقے شدید متاثر ہیں۔

ذرائع کے مطابق واٹربورڈ کا عملہ اور وال مین عیدی مہم کی وجہ سے بعض علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کررہے ہیں ، شہریوں کو واٹر ٹینکر کے ذریعے 6 سرکاری ہائیڈرنٹس سے بھی بہتر انداز میں پانی فراہم نہیں کیا جارہا ہے، سخی حسن ہائیڈرنٹ کی کارگردگی بدانتظامی کی شکار ہے شہریوں کی جانب سے ٹینکر کی درخواست دینے کے 7 سے 10دن میں بھی ٹینکر فراہم نہیں کیا جارہا ہے ۔

سخی حسن ہائیڈرینٹ کے انچارج آصف قادری عام شہریوں کے بجائے کمرشل بنیاد پر واٹرٹینکر فراہم کررہے ہیں، سخی حسن ہائیڈرنٹ اس وقت مبینہ طور واٹر مافیا کی سرپرستی میں چلایا جارہا ہے۔

واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے عید کے ایام میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے واٹر بورڈ انتظامیہ اور اعلیٰ افسران نے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جس کی وجہ سے عید کے ایام میں پانی کی شدید قلت جاری رہے گی، ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے منیجنگ ڈائریکٹر عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاچکے ہیں اور واٹربورڈ کے اعلیٰ افسران عید کی چھٹیاں لے کر تعطیلات کے مزے لے رہے ہیں۔

کراچی میں مجموعی طور فراہمی آب کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے عید کے ایام میں شہریوں کو واٹربورڈ افسران کے دعوؤں کے برعکس صورتحال کا سامنا ہوگا، کراچی کے عوام عید پر بھی پانی کی بوند بوند کو ترس جائیں گے ۔

پانی کی عدم فراہمی پر بلوچ گوٹھ کے مکینوں کا احتجاج، واٹر بورڈ کا عملہ فرار

گارڈن کے علاقے مراد بلوچ گوٹھ کے مکینوں نے کئی روز سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف گارڈن چوک کے قریب واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے،مظاہرین خواتین نے مین گیٹ پر لگئے تالے کو پتھر کی مدد سے توڑنے کی بھی کوشش کی اورواٹربورڈکے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں گزشتہ ایک ماہ سے پانی کی فراہمی معطل ہے اور وہ اس سلسلے میں کئی بار واٹر بورڈ کے دفتر میں شکایت کرچکے ہیں مگراس کے باوجودکوئی شنوائی نہیں ہوئی رہی، رمضان المبارک کے مہینے میں پانی کی بوند بوندکوترس گئے ہیں،لاکھوں روپے کے پانی کی ٹینکر خرید کر پانی استعمال کر رہے ہیں عیدپربچوں کوکپڑے دلائیں یہ پھر پانی خریدیں۔

احتجاج کے باعث ٹریفک پولیس نے گارڈن چوک جانے والے راستے کو ٹریفک کے لیے بندکردیا، گارڈن پولیس کی جانب سے واٹر بورڈ کے عملے بات کرکے پانی کی جلدفراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشرہوگئے۔

 

The post واٹر بورڈ کی نا اہلی؛ عید کے دنوں میں بھی پانی کا بحران رہے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2WIPfaN
via IFTTT

No comments:

Post a Comment