پاکستان سے تعلق رکھنے والے30 سے زائد تارکین وطن فرانس میں ایک لاری سے پکڑے گئے۔ جنوبی فرانس کے علاقے سے ان کی گرفتاری کا ذکر ایک سرکاری پراسیکیوٹر نے کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس لاری کا ڈرائیور بھی پاکستانی تھا ، فرانسیسی حکام نے اس کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ مہینے برطانیہ میں ایک ریفریجریٹر ٹرک سے39 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، یہ سب تارکین وطن تھے جو زیادہ سردی کی وجہ سے منجمد ہو گئے تھے۔ یہ بدقسمت یورپ پہنچ تو گئے مگر لاشوں کی شکل میں۔ انھیں اپنے اس انجام کا ادراک نہیں تھا۔ وہ جس طریقے سے یورپ پہنچنا چاہتے تھے، وہ موت کے سوا کچھ نہیں تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ 31 پاکستانیوں کو معمول کی چیکنگ کے دوران اطالوی سرحد کے قریب موٹروے سے پکڑا گیا تھا۔ مذکورہ تارکین وطن میں 3 کم عمر بچے ہیں۔ جن کو اطالوی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے کیوں کہ برطانیہ اور اٹلی میں تحویل مجرمان کا باقاعدہ معاہدہ موجود ہے۔
فرانس کے جنوب مغربی شہر نیس (Nice) کے پراسیکیوٹر آفس کے مطابق ان کی حکومت معمول کے مطابق تحقیقات کر کے یہ دیکھنے کی کوشش کرے گی کہ اس طرح غیرقانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کو انسانی اسمگلنگ کرنے والے کسی بین الاقوامی گروہ نے تو نہیں بھجوایا اور کیا حکام مذکورہ 31 تارکین کی وساطت سے مذکورہ گروہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
اس قسم کے انسانی المیوں کی اصل وجہ تیسری دنیا کے ممالک کی غربت اور ناداری ہے جہاں انھیں نہ تو روز گار میسر آتا ہے اور نہ ہی زندگی میں آگے بڑھنے کے کوئی مواقعے نظر آتے ہیں اس وجہ سے وہ دل برداشتہ ہو کر اپنی جان تک داؤ پر لگانے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔
بیشتر افراد اپنے مطلوبہ ملک تک پہنچنے میں سمندر کی طوفانی لہروں کی نذر نہ بھی ہوں تو وہاں پہنچ کر سرحدی محافظوں کی گولیوں کا شکار ضرور ہو جاتے ہیں اس کے علاوہ بھی یہ مظلوم لوگ مختلف حادثات کا نشانہ بن کر اس دنیا سے گزر جاتے ہیں اور ان کے لواحقین کو ان کے بارے میں کوئی پتہ ہی نہیں چلتا۔
یہی وجہ ہے کہ بعض حلقے پوری دنیا کے نظام میں تبدیلی کا نعرہ بلند کرتے ہیں لیکن ترقی یافتہ ممالک نے عالمی حالات اس انداز سے مرتب کیے ہوتے ہیں کہ محروم ممالک اور اقوام کے لیے آگے بڑھنے کی کوئی گنجائش ہی نہیں چھوڑی جاتی۔ یہی وجہ ہے کہ ہر طرف سے راستے بند دیکھ کر ہی لوگ انجام سے بے پرواہ ہو کر اندھے کنوئیں میں چھلانگ لگانے پر تیار ہو جاتے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ وہ اپنی مطلوبہ منزل کو پا ہی لیں۔
گزشتہ دنوں میں ایسی کئی خبریں سامنے آئیں جن میں تارکین وطن کے مصائب اور تکالیف کو آشکار کیا گیا تھا۔ لیکن محروم اور بے روزگاروں کے لیے اپنے بال بچوں کے نان نفقۃ کا بندوبست کرنے کے لیے انھیں رسک لینے پر اکساتا ہے۔
The post 31 پاکستانی غیرقانونی تارکین وطن فرانس میں گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/36yMHxV
via IFTTT
No comments:
Post a Comment