Thursday, June 20, 2019

زینب مارکیٹ میں چوروں نے تالے کاٹ کر 13 دکانیں لوٹ لیں ایکسپریس اردو

کراچی:  چوروں نے زینب مارکیٹ کی بالائی منزل پر چمڑے کی مصنوعات کی13 دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے چوری کرلیے جب کہ پولیس نے مارکیٹ کے 2 چوکیدار حراست میں لے لیے۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب عبداللہ ہارون روڈ پر زینب مارکیٹ کی بالائی منزل پر چوروں نے چمڑے کی مصنوعات کی 13 دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے چوری کرلیے۔

متاثرہ دکانداروں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کی شب وہ دکانیں بند کرکے گئے جمعرات کی صبح 10 بجے دکانوں پر آئے تو ان کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے چور تجوریاں اور درازیں توڑکر نقدی لے گئے۔

ایک اندازے کے مطابق ہر دکان سے ملزمان نے 20 سے 25 ہزار روپے سے زائد نقد رقم چوری کرکے لے گئے ہیں ملزمان نے کسی بھی دکان سے چمڑے کی مصنوعات چوری نہیں کیں۔

ایک دکاندار محمد شاہد کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ ملزمان نے کئی دکانوں کی ریکی کرنے کے بعد دکانوں سے صرف نقدی چوری کی ہے لگتا ہے کہ ملزمان کے پاس دکانوں کی تمام معلومات موجود تھی۔

ایس ایچ او آرٹلری میدان آغا اسلم کے مطابق شبہ ہے واردات میں مارکیٹ کے چوکیدار یا مارکیٹ کا کوئی ملازم ملوث ہو چوروں نے بڑی مہارت سے دکانوں کے تالے کاٹے ہیں تالے ملزمان نے کٹر کی مدد سے کاٹے ہیں کسی بھی دکان سے ملزمان نے چمڑے کی مصنوعات نہیں چرائیں صرف نقدی چوری کرکے فرار ہوئے ہیں، مارکیٹ میں لگے سی سی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے بہت جلد چوروں کو گرفتار کرلیا جائے گا ابتدائی تفتیش کے دوران 2 چوکیداروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

دکانداروں نے کراچی پولیس چیف ، ڈی آئی جی جنوبی اور ایس ایس پی جنوبی سے اپیل کی ہے کہ چوروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے ان کی رقم واپس دلائی جائے۔

واضح رہے کہ مارکیٹوں میں چوریوں اور تالے توڑنے کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں،پولیس اب تک تالاتوڑ گروپوں کو گرفتار کرنے  میں ناکام ہے۔

The post زینب مارکیٹ میں چوروں نے تالے کاٹ کر 13 دکانیں لوٹ لیں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو http://bit.ly/31KZhYD
via IFTTT

No comments:

Post a Comment