کراچی: سندھ اسمبلی نے جمعرات کوسندھ پولیس ایکٹ1861 کے خاتمے اور پولیس آرڈر 2002 کی بحالی کا ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن کی 2 بڑی جماعتوں ایم کیوایم اور تحریک انصاف کا اصرار تھا کہ بل کو منظوری سے قبل مزید غور کے لیے ایوان کی سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے۔
ترمیمی پولیس بل میں جی ڈی اے اراکین کی کچھ ترامیم شامل کرلی گئیں اور کچھ کووزیراعلیٰ کی یقین دہانی پر واپس لے لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جی ڈی اے، ٹی ایل پی اور ایم ایم اے کے ارکان کے پارلیمانی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں ایوان میں پیش کردہ نئے ترمیمی پولیس ایکٹ کے حوالے سے پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ پولیس کی خودمختاری میں دخل نہیں دیناچاہتی مگر اس کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہماری ذمے داری ہے،پولیس کی آزادی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔
آزاد ذمے دار اور قابل احتساب پولیس بہت ضروری ہے، پبلک سیفٹی کمیشن کوبااختیاربنایاگیاہے جس میں ایسے لوگ شامل ہوںگے جن پر کسی کو اعتراض نہ ہو، سندھ حکومت اعلیٰ عدلیہ کے احکام وفیصلوں پر ان کی اصل روح کے مطابق عمل کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گورنر نے اپنے آرڈر میں 3 باتوں کی نشاندہی کی ہے ان کا کہنا ہے کہ آئی جی، سول سوسائٹی اور اپوزیشن کو پولیس آرڈربحالی پراعتراض ہے۔ میں اس ایوان میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ آئی جی پولیس کا قانو ن سازی میں کوئی کردار نہیں ہے۔ آج سپریم کورٹ میں امل کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ کے فاضل جج صاحب نے امل کیس میں پولیس کے کردار پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اس لیے پولیس پرنگرانی بہت ضروری ہے۔ حکومت سندھ نے سول سوسائٹی کی مشاورت سے پولیس آرڈر بحالی بل میں ترامیم کی ہیں،اس ضمن میں اپوزیشن سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح الفاظ میں کہاکہ ایسی پولیس سندھ میں یقینی طور پر بنائی جائے گی جس میں آئی جی سندھ کی مدت تقرری کاتحفظ ممکن ہو۔ اسپتال ہم نے محنت کرکے 7 سال میں بنائے یہ لوگ اسپتال لے کرتو چلے گئے لیکن فنڈ دینے کو تیار نہیں،اسپتال چلانے کے لیے صلاحیت بھی ہونی چاہیے، بجٹ تقریرمیں بتاؤںگاکہ وفاقی حکومت نے کیاحالت کی ہے، ہم کسی چیز سے ڈرنے والے نہیں، صوبے کے عوام نے ہم پر بھروسہ کیا ہے ہم اس پر پورے اتریں گے۔
سندھ اسمبلی کی کارروائی کے دوران سندھ ادارہ برائے علم و چشم و بصارت سائنس بل2019 ایوان میںمیں متعارف کرادیا گیا جسے مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
The post سندھ اسمبلی، پولیس آرڈر 2002 بحالی کا ترمیمی بل منظور، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا واک آؤٹ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2IcXeoy
via IFTTT
No comments:
Post a Comment