Sunday, September 26, 2021

نیشنل ٹی 20 کپ، بلوچستان نے بھی پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا ایکسپریس اردو

 اسلام آباد /  کراچی: نیشنل ٹی 20 کپ میں بلوچستان نے پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا، 7 وکٹ کی شکست کے ساتھ سدرن پنجاب نے ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک کرلی۔

پوری ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی، عماد بٹ اور یاسر شاہ دونوں نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ عبدالواحد بنگلزئی کی ناقابل شکست ففٹی کی بدولت بلوچستان نے 102 رنز کا ہدف 3 وکٹ پر عبور کرلیا۔ دن کے دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 43 رنز سے زیر کرلیا، 172 رنز ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن 128 رنز پر ہمت ہار گئے، پہلی بار کے پی کی پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ فاتح سائیڈ کے حسین طلعت نے برق رفتار 51 رنز جوڑے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ کے پہلے مرحلے میں سینٹرل پنجاب نے خیبر پختون خوا کو 43 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ 172 رنز کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن کی پوری ٹیم 128 رنز پر ہمت ہار گئی۔ کے پی کی ایونٹ میں یہ پہلی شکست تھی، یہ پہلا موقع ہے کہ جب کے پی کی ٹیم نیشنل ٹی ٹو ئنٹی میں آل آؤٹ ہوئی۔ 26 گیندوں پر 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر حسین طلعت کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خیبر پختونخوا کی ابتدائی 4وکٹیں محض 19 رنز پر گر گئیں۔

کپتان محمد رضوان 6، اسرار اللہ 7 جبکہ عادل امین اور مصدق احمد کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، ایسے میں صاحبزادہ فرحان نے پہلے افتخار احمد اور پھر محمد وسیم کے ہمراہ پانچویں اور چھٹی وکٹ کے لیے بالترتیب 49 اور 45 رنز کی شراکت قائم کرکے خیبر پختون خوا کو امید ضرور دلائی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے، صاحبزادہ فرحان اور محمد وسیم جونیئر نے 34، 34 رنز کی اننگز کھیلی. افتخار احمد نے 22 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے 21 رنز کے عوض 3 جبکہ حسن علی وہاب ریاض، احسان عادل، قاسم اکرم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، سینٹرل پنجاب کے اسٹار بیٹر اور کپتان بابر اعظم شاہین شاہ آفریدی کو ایک اوور میں دو چوکے لگانے کے باوجود جلد پویلین واپس لوٹ گئے. انھوں نے 16 رنز بنائے۔ تاہم پہلے احمد شہزاد اور پھر حسین طلعت نے لمبی اننگز کھیل کر ان کی کمی محسوس نہ ہونے دی. احمد شہزاد نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 40 رنز کی اننگز کھیلی. انھوں نے بابر اعظم اور محمد اخلاق کے ہمراہ بالترتیب 42 اور 40 رنز کی شراکت قائم کی. محمد اخلاق نے 24 رنز بنائے۔

حسین طلعت نے 26 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی، انھوں نے شعیب ملک کے ہمراہ 75 رنز کی شراکت قائم کی. شعیب ملک 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ اسرار اللہ، آصف آفریدی، محمد وسیم اور ارشد اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے اتوار کو پہلے میچ میں بلوچستان  نے سدرن پنجاب کو 7وکٹ سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، سدرن پنجاب کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری ناکامی شمار ہوئی، بلوچستان نے 102 رنز کا ہدف 18 ویں اوور کی دوسری گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عبدالواحد بنگلزئی 58رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، یہ ان  کی نیشنل ٹی ٹونٹی میں پہلی نصف سنچری ہے، ان کی اننگز میں 5چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کو پہلا نقصان کپتان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 8 کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ کے لیے عبدالواحد بنگلزئی  نے بسم اللہ خان کے ہمراہ 57 رنز کی شراکت قائم کی، بسم اللہ خان 28 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے عماد بٹ 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں حسان خان نے آؤٹ کیا،جس کے بعد تجربہ کار حارث سہیل کریز پر پہنچے۔

انھوں نے ٹاپ اسکورر عبدالواحد بنگلزئی کے ہمراہ 15 رنزکی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی، حارث سہیل 3رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا، بلوچستان کی بولنگ کے سامنے سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 17.5 اوورز میں محض 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عماد بٹ نے 11 اور یاسر شاہ نے 19 رنز کے عوض 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عمید آصف نے 2 جبکہ کاشف بھٹی اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سدرن پنجاب کے صرف 3 بیٹسمین ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکے، کپتان صہیب مقصود 24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، حسان خان 19 اور ذیشان اشرف 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

The post نیشنل ٹی 20 کپ، بلوچستان نے بھی پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3EYhkyi
via IFTTT

No comments:

Post a Comment