لاہور: گھبرائے ہوئے کرکٹرز کا حوصلہ بڑھایا جانے لگا جب کہ چیف سلیکٹر نے میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹی ٹوئنٹی کپ میں ورلڈکپ کے ٹرائل میچز نہیں ہورہے۔
راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ورلڈکپ کیلیے منتخب کئی کرکٹرز کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، اعظم خان اور محمد حسنین توقعات کے بوجھ تلے دبے نظر آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمد وسیم نے منگل کی شب کرکٹرز سے اسلام آباد کے ہوٹل میں ملاقات کرتے ہوئے ان کا کھویا ہوا اعتماد واپس لانے کیلیے کوشش کی، انھوں نے کھلاڑیوں کو باور کرایا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ٹرائل میچز نہیں ہورہے، بے خوف ہو کر اپنے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کریں،صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش کرنا خود ان کے اپنے اور قومی ٹیم کے مفاد میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم نے بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ بہتر پرفارم کر سکتے ہیں، بغیر کسی گھبراہٹ کا شکار ہوئے اچھا کھیل پیش کریں۔
یاد رہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کی رخصتی کے بعد نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے ہوم سیریز کیلیے ثقلین مشتاق کو کوچ اور عبدالرزاق کو معاون مقرر کیا گیا تھا،انھوں نے راولپنڈی میں کیمپ کے دوران ذمہ داریاں بھی سنبھالیں مگر دونوں سیریز ہی منسوخ ہوگئیں، چیف سلیکٹر محمد وسیم اسکواڈ منتخب کرکے کوچ کا کردار ادا کرتے ہوئے کرکٹرز سے خطاب کیلیے پہنچ گئے۔
دوسری جانب قومی ٹیم میں تبدیلیوں کی بازگشت مسلسل سنائی دے رہی ہے،ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم نہ کرپانے والے کھلاڑیوں کی جگہ ریزروز میں شامل فخرزمان اور شاہنواز دھانی کے ساتھ سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کو بھی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
The post گھبرائے ہوئے کرکٹرز کا حوصلہ بڑھایا جانے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3l0l36x
via IFTTT
No comments:
Post a Comment