لاہور: وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام کے قائدین نے تفصیلی مشاورت کے بعد مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی جو سیاسی اور قانونی حکمت عملی اور تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے وقت کا تعین کرے گی۔
لاہور میں شہبازشریف کی رہائش گاہ پر منعقد مشترکہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ قائدین نے ملک کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اتفاق کیا کہ پورا پاکستان اس امر پر متفق ہے کہ موجودہ حکومت سے جس قدر جلد ممکن ہوسکے نجات دلائی جائے۔
اپوزیشن کے قائدین آصف علی زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ کہا گیا کہ عوام میں مجموعی طور پر مہنگائی کا جوعذاب نازل ہے اور اس کا ظالمانہ سلسلہ مسلسل جس شدت سے جاری ہے وہ عوام کے لیے ناقابل برداشت اور ناقبول ہے۔
اعلامیے کے مطابق بجلی، گیس، پیٹرول سمیت اشیائے ضروریہ بالخصوص کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام خاص طور پر غریب اور تنخواہ دار طبقات کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، ساڑھے تین سال سے جاری حکومتی ظالمانہ بالواسطہ اور بلاواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار ہے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے اس حکومت کا گھرجانا لازم ہے جس پر ہم سب متفق ہیں۔
اپوزیشن قائدین نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں قومی اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، وفاق اور اس کی اکائیوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے آئینی انتظام میں بداعتمادی پیدا ہورہی ہے جو پاکستان کے قومی مفاد میں نہیں ہے۔
اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، یوسف رضاگیلانی، پرویز اشرف، سعد رفیق، رانا ثنااللہ، ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور اکرم درانی نے بھی شرکت کی۔
The post وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے وقت کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/8LjYnpT
via IFTTT
No comments:
Post a Comment