Saturday, February 12, 2022

شاہین آفریدی آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی قیادت کے لیے پرعزم ایکسپریس اردو

 لاہور: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ جب آسٹریلیا نے آخری بار پاکستان کا دورہ کیا اُس وقت میری پیدائش بھی نہیں ہوئی تھی، اس دورے میں کلینڈر ایئر 2022 کا بہترین آغاز ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شاہین آفریدی قومی ٹیم کے بولنگ اٹیک کی قیادت کے لیے پُرعزم اور سیریز کے لیے پرجوش ہیں۔

اکیس سالہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ جب آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا تووہ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے، یہ سیریز بہت اہم ہے اور میں متاثر کن کارکردگی پیش کر کے کیلنڈر ایئر 2022 کا بہترین آغاز کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد اور اسٹیٹس میں اضافہ ہوتا ہے، گزشتہ سال پاکستان کے باؤلنگ اٹیک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

شاہین آفریدی نے حسن علی کے ساتھ مل کر اننگز کے آغاز سے ہی حریف بیٹرز کو دباؤ کا شکار کرکے پویلین کی راہ دکھانے کی کوشش کی تھی اور وہ آئندہ بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، انہیں یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین تاریخی سیریز کے سنسنی خیز میچز دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے۔

آئی سی سی کرکٹر آف د ی ایئر اور سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کا پی سی بی ایوارڈ جیتنے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی فی الحال ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کی قیادت کررہے ہیں۔ ایک طرف تو نوجوان فاسٹ باؤلر کی نظریں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی چمچماتی ٹرافی پر جمی ہیں تاہم دوسری طرف وہ آسٹریلیا کے 24 سال بعد تاریخی دورہ پاکستان میں ہوم سائیڈ کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

آسٹریلیاکی ٹیم آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان آئی تھی، یہ وہ وقت تھا جب شاہین شاہ آفریدی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ اس دورے میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت مارک ٹیلر اور ون ڈے سائیڈ کی قیادت اسٹیو واہ نے کی تھی۔ آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز میں 0-1 اور ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

کیلنڈ ایئر 2021  کے 9 ٹیسٹ میچز میں 47 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال میں  مجموعی طور پر 36 انٹرنیشنل میچز میں 78 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ 4 مارچ سے شروع ہونے والی کیلنڈ ایئر 2022 کی پہلی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔4 مارچ کو راولپنڈی سے شروع ہونے والی آسٹریلیا  کے خلاف سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

The post شاہین آفریدی آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی قیادت کے لیے پرعزم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/narc5Ab
via IFTTT

No comments:

Post a Comment